مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے بہار کے ہندووں سے مانگی معافی ، کیا یہ جذباتی ٹویٹ ، جانئے کیا ہے وجہ؟

,

   

مرکزی وزیر اور بی جے پی کے رکن پارلیمان گری راج سنگھ نے سیلاب کی وجہ سے پوجا ، پنڈال اور میلہ کا انعقاد نہیں ہونے پر بہار این ڈی اے کی طرف سے معافی مانگی ہے ۔ گری راج نے اتوار کو ٹویٹ کیا کہ آج سے درگا پوجا کا میلہ شروع ہوگیا ہے ، میں بہار این ڈی اے کی طرف سے ان سناتنیوں سے معافی معانگتا ہوں ، جہاں پر سیلاب کی وجہ سے پوجا ، پنڈال اور میلہ کا انعقاد نہیں ہوپایا ہے۔

پٹنہ میں حال ہی میں بھاری بارش کے بعد پانی جمع ہونے کو لے کر بہار کی حکومت میں شامل بی جے پی اور جے ڈی یو کے لیڈروں کے درمیان الزام تراشیوں کا دور چل رہا ہے ۔ گری راج کے اس ٹویٹ کے بارے میں پوچھے جانے پر جے ڈی یو لیڈر شون کمار نے کہا کہ پوجا اور عبادت دل سے ہوتی ہے ، پنڈال سے پوجا نہیں ہوتی ہے اور این ڈی اے کی جانب سے انہیں معافی مانگنے کی ضرورت نہیں ہے ۔

وہیں جے ڈی یو کے ایک اور لیڈر نے ٹویٹ کرکے کہا کہ گری راج جی ، آپ مویشی پروری کے مرکزی وزیر ہیں ، آپ کو تو انسانوں سے زیادہ جانوروں کی فکر ہونی چاہئے ، انسانوں کا حال چال معلوم کرنے کیلئے تو آپ نکلے نہیں ، کم سے کم جانوروں کا حال تو جان لیتے ، اپنے فرائض کو کب سمجھیں گے آپ ؟۔۔