مرکزی وزیر ہرسمراٹ کور بادل کے ہاتھوں ضلع نظام آباد میں ریاست کے پہلے میگا فوڈ پارک کا افتتاح

   

حیدرآباد 6 ستمبر (سیاست نیوز) مرکزی وزیر فوڈ پروسیسنگ انڈسٹری ہرسمراٹ کور بادل نے آج تلنگانہ میں پہلیمیگا فوڈ پارک کا لکم پلی ولیج، نندی پیٹ منڈل، نظام آباد ڈسٹرکٹ میں افتتاح کیا۔ اس پارک کو سمراٹ اگرو فوڈ پارک پرائیوٹ لمیٹیڈ کی جانب سے پروموٹ کیا گیا ہے۔ اس موقع پر مرکزی مملکتی وزیر فوڈ پروسیسنگ انڈسٹریز رامیشور تیلی، نظام آباد ایم پی اروند دھرما پوری اور جیون ریڈی ایم ایل اے آرمور بھی موجود تھے۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے مسز بادل نے کہاکہ اس میگا فوڈ پارک میں 50 ہزار نوجوانوں کو راست یا بالواسطہ روزگار فراہم ہوگا اور تقریباً ایک لاکھ کسانوں کو فائدہ ہوگا۔ میگا فوڈ پارکس 2022 ء تک کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔