اے پی میں 10 بجے شب تک رائے دہی غیر اخلاقی
سدھاکر ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 13 اپریل (سیاست نیوز) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے قومی جنرل سکریٹری سدھاکر ریڈی نے مبینہ طور پر الیکشن کمیشن پر حکومت کے سامنے خودسپردگی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ قومی سطح پر 70 ویں لوک سبھا کے لئے پہلے مرحلے کی رائے دہی میںقومی او رعلاقائی الیکشن کمیشن کا رویہ قابل افسوس رہا ہے۔ آج یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر مخدوم بھون میںمنعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے آندھرا پردیش میں رات 10 بجے تک رائے دہی جاری رکھنے کے واقعات کوغیرجمہوری اور غیراخلاقی قراردیا۔سدھاکر ریڈی نے کہاکہ آزاد ہندوستان کی تاریخ کے کسی بھی الیکشن میں اس طرح کی رائے دہی نہیںہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ آندھرا پردیش میں318ای وی مشینیں غیر کارگرد تھیں جس کی وجہہ سے لوگوں کو گھنٹوں قطاروں میںکھڑے رہنا پڑا ۔ ٹکنالوجی کی ترقی کے اس دور میںالکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا اس طرح خراب ہونا الیکشن کمیشن کی کارکردگی پر ایک بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔ سدھاکر ریڈی نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ ہائی کورٹ کی ہدایت کے باوجود وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے حفاظتی دستوں ‘ پلواما کے شہیدوں اور بالاکوٹ فضائیہ حملے میںشامل ائیرفورس کے جانباز سپاہیوں کے نام پر ووٹ مانگے جارہے ہیں ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ بی جے پی کے تمام اعلی قائدین بھی اپنے سپہ سالار کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ہندوستانی فوج کے نام پر ووٹ مانگ رہے ہیں اور الیکشن کمیشن خامو ش تماشائی بنا ہوا ہے۔انہوںنے مزید کہاکہ آنے والے دنوں میںمزید چھ مراحل میں رائے دہی منعقد ہونے والی ہے جس کے لئے الیکشن کمیشن پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ پہلے مرحلے کی رائے دہی سے حاصل تجربے کی بنیاد پر وہ آگے کے مراحل کی رائے دہی کے انتظامات انجام دئے ورنہ مستقبل میں منعقدہونے والی تمام رائے دہی کو بیالٹ پیپرس پر پورا کرے۔سی پی آئی اسٹیٹ سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
