مرکزی و ریاستی حکومتوں نے عوام کا سکون چھین لیا ہے

   

ایندھن اور برقی بل میں اضافہ کے خلاف عادل آباد میں کانگریس اور بی ایس پی کا احتجاج

عادل آباد :پٹرول ڈیزل، پکوان گیس کی بڑھتی ہوئی قیمت کے خلاف مستقر عادل آباد میں قدیم سیاسی جماعتوں کی جانب سے مرکزی حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کئے گئے جن میں قابل ذکر جہاں ایک طرف کانگریس پارٹی ہے تو دوسری طرف بی ایس پی بہوجن سماج پارٹی بھی ہے ۔ ضلع کانگریس پارٹی صدر مسٹر ساجد خان کی قیادت میں دفتر ضلع کلکٹریٹ کے روبرو بڑے پیمانے پر احتجاجی دھرنا منظم کیا گیا جس میں مہمان خصوصی کے طور پر پنچایت راج سنگھٹن نیشنل کنوینر مسٹر پی کرن ، ریاستی تنظیم چیرمین سدیشور کے علاوہ AICC رکن ڈاکٹر نریش جادو ، شریمتی جی سجاتا کے علاوہ سجو ریڈی ، نرسنگ راؤ ، سرینواس ، ایم نرسنگ ، گجیندر ، ناگیش ، ایم اے شکیل ، ایم اے کلیم و دیگر کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ مسٹر ساجد خان صدر ضلع پارٹی نے مرکزی حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے پانچ ریاستوں میں انتخابات کے پیش نظر 137 ایام ایندھن کی قیمت پر قابو پایا گیا ۔ انتخابی نتائج کے بعد ہر روز پٹرول ڈیزل پکوان گیس کی قیمت میں اضافہ کیا جارہا ہے جس سے اشیاء مایحتاجقیمت میں اضافہ پایا جارہا ہے ۔ روزمرہ استعمال ہونے والی اشیاء خوردنوش کی قیمت میں اضافہ کا بوجھ غریب اور اوسط درجہ کے افراد پر شدت کے ساتھ بڑھتا جارہا ہے ۔ وہیں دوسری طرف ریاستی حکومت برقی بل میں اضافہ کرتے ہوئے ریاست کے عوام کا سکون چھین چکی ہے۔ بی جے پی مرکزی حکومت اور ریاستی ٹی آر ایس حکومت سربراہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے برقی شرح میں اضافہ سے دستبردار ہونے اور مرکزی حکومت سے ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمت پر قابو پانے کا پرزور مطالبہ کیا گیا ۔ جبکہ بی ایس پی کی جانب سے مستقر عادل آباد کے کلکٹریٹ چوک پر ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمت کے خلاف احتجاج منظم کیا گیا ۔ جو وزیر اعظم نریندر مودی حکومت کے خلاف نعرے بلند کر رہے تھے ۔