صدر آل انڈیا یوتھ کانگریس بی وی سرینواس کا الزام، یوتھ کانگریس میں متحرک قائدین کی نمائندگی کا فیصلہ
حیدرآباد۔/7 ستمبر، ( سیاست نیوز) آل انڈیا یوتھ کانگریس کے صدر بی وی سرینواس اور یوتھ کانگریس تلنگانہ کی انچارج مس جے ماتھر نے آج حیدرآباد کا ایک روزہ دورہ کیا۔ صدر تلنگانہ یوتھ کانگریس انیل کمار یادو کی قیادت میں یوتھ کانگریس قائدین عثمان محمد خاں، محمد راشد خاں اور دوسروں نے طیرانگاہ پر استقبال کیا۔ شمس آباد انٹر نیشنل ایرپورٹ پر یوتھ کانگریس کارکنوں کی کثیر تعداد استقبال کیلئے موجود تھی۔ بعد میں بی وی سرینواس نے گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں نے عوام سے کئے گئے وعدوں کو فراموش کردیا ہے۔ بی جے پی حکومت جمہوریت کا دن دھاڑے قتل کررہی ہے اور اپنے مخالفین کے خلاف تحقیقاتی اداروں کا استعمال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے ملک میں دستوری اداروں کی اہمیت کو پامال کردیا ہے۔ سرینواس نے کہا کہ سی بی آئی اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کا سہارا لے کر کانگریس قائدین پر جھوٹے مقدمات درج کرتے ہوئے انہیں حکومت کی مخالفت سے روکنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی اور کے سی آر جھوٹ اور گمراہ کن بیانات کیلئے برانڈ ایمبسیڈر بن چکے ہیں۔ مرکز نے 2 کروڑ افراد کو روزگار فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن ملک میں معاشی بحران کے سبب لاکھوں افراد روزگار سے محروم ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے اپنے قریبی صنعتوں اور صنعت کاروں کو کئی رعایتیں فراہم کرتے ہوئے بینکوں کو بحران کا شکار کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں شرح ترقی کی رفتار دن بہ دن گھٹتی جارہی ہے۔ بی وی سرینواس نے کہا کہ تلنگانہ یوتھ کانگریس میں تبدیلیوں کے ذریعہ متحرک قائدین کو نمائندگی دی جائے گی۔ کانگریس کے خاتمہ کا دعویٰ کرنے والوں کو یوتھ کانگریس اپنی طاقت کے ذریعہ کانگریس کی موجودگی کا احساس دلائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بے روزگار نوجوان آج بھی کے سی آر کے وعدہ کی تکمیل کا انتظار کررہے ہیں۔ صدر تلنگانہ یوتھ کانگریس انیل کمار نے کہا کہ بی وی سرینواس ایک عام خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ اپنی محنت کے ذریعہ اس مقام تک پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کے سی آر حکومت نے نوجوانوں کو مایوس کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی آئندہ انتخابات میں دوبارہ برسر اقتدار آئے گی۔
