مرکزی و ریاستی حکومتیں کسانوں کو دھوکہ دے رہی ہیں

   

سدی پیٹ میں دال کی خریداری مرکز کا افتتاح، سابق وزیر ٹی ہریش راؤ کا خطاب
سدی پیٹ۔ 30 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سدی پیٹ شہر کے زرعی مارکیٹ یارڈ میں دالِ ارہر (کندول) خریداری مرکز کا افتتاح سابق وزیر و ایم ایل اے ہریش راؤ نے کیا۔اس موقع پر ہریش راؤ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سدی پیٹ مارکیٹ یارڈ میں کندول کے لیے حکومت نے 8 ہزار روپے امدادی قیمت مقرر کی ہے۔ کسان اپنی فصل بیج کے درمیانی دلالوں کے ہاتھوں دھوکہ نہ کھائیں۔ ہمارے ملک میں دالوں کی مناسب پیداوار نہ ہونے کے باعث دیگر ممالک سے درآمد کی جا رہی ہے۔ مرکزی حکومت کو تیل دار بیجوں اور دالوں کی پیداوار کو فروغ دینا چاہیے۔کسانوں کو فصلوں میں تبدیلی اختیار کرنی چاہیے۔ مرکزی اور ریاستی حکومتیں کسانوں کو دھوکہ دے رہی ہیں۔ بی جے پی سیاہ قوانین لا کر کسانوں کو پریشان کر رہی ہے۔ کانگریس کے اقتدار میں آنے سے کسانوں پر اندھیرا چھا گیا ہے۔ مرکزی و ریاستی حکومتیں کسانوں کو مکمل طور پر برباد کر رہی ہیں۔ حکومتیں جان بوجھ کر کیمیائی کھادوں کی قلت پیدا کر رہی ہیں۔ بی آر ایس کے دس سالہ دورِ حکومت میں کھادوں کی کوئی قلت نہیں تھی۔ مرکزی حکومت جان بوجھ کر سبسڈی کم کرنے کے لیے کھادوں کی قلت پیدا کر رہی ہے۔ کسانوں نے اس حکومت پر سے اعتماد کھو دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ اور وزراء کسانوں کی پروا نہیں کر رہے۔ بی آر ایس مطالبہ کرتی ہے کہ خریف موسم کے لیے ریتھو بھروسہ اور باریک دھان پر بونس دیا جائے۔ حکومت کو ایس آئی ٹیز اور مقدمات کے سوا کسانوں کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں ۔ میدک ضلع میں کسانوں کا پانی روک کر بیئر کمپنی کو پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ محکمہ ایکسائز کے سکریٹری بیئر کمپنی کو پانی دینے کی ہدایت دے رہے ہیں۔ بے وقت بارش سے متاثرہ فصلوں کے لیے معاوضہ دیا جائے۔ کانگریس کسانوں کی بددعائیں لے رہی ہے۔