سی پی آئی کی قیادت میں کل جماعتی وفد کا دورہ ، عوام سے ملاقات
حیدرآباد۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کی زیر قیادت ایک کل جماعتی وفد نے اسمبلی حلقہ ملک پیٹ کی پرمیلا تائی سلم بستی کا دورہ کرتے ہوئے وہاں کے مکینوںکو زبوں حالی دریافت کی۔ سی پی آئی تلنگانہ اسٹیٹ جنرل سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی‘ سی پی آئی قومی عاملہ کے رکن اور قومی صدر تنظیم سید عزیز پاشاہ‘ صدر تلنگانہ جنا سمیتی پروفیسر کودنڈرام کے علاوہ سی پی آئی گریٹر حیدرآباد جنرل سکریٹری ای ٹی نرسمہا‘ سٹی کونسل رکن ایس اے منان اور تلگودیشم کے مقامی قائدین کی آمد کے ساتھ مقامی لوگوں نے انہیں پچھلے دوماہ کے برقی بل دیکھاکر اپنی پریشانیاں بیان کیں۔اس کے علاوہ مقامی لوگوں نے راشن کی دوکانوں پر ملنے والی اناج کی مقدار پر بھی شکایت کرتے ہوئے بتایاکہ حکومتوں کی جانب سے اعلانات تو کئے جارہے ہیںمگر اس کی زمینی حقیقت کچھ اور ہی ہے۔ اس موقع پر وفد نے ذمہ داران نے مرکزی او رریاستی حکومتوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ عالمی وباء کرونا وائرس کے اس دور میں لاک ڈائون کی وجہہ سے بے روزگاری میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور بالخصوص یومیہ اجرت پر کام کرنا والے محنت کش طبقے کے پاس کام ہی نہیںہے۔ وفد نے مرکزی او رریاستی حکومتوں پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ کرونا وائرس سے مقابلے میں تمام محاذوں پر مذکورہ حکومتیں پوری طرح ناکام ہوگئی ہیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ کسی بھی وباء کو ختم کرنے کے لئے اس کی جانچ کے نظام کو مضبوط بنانے کاکام کیاجاتا ہے مگر تلنگانہ میں کویڈ19کی جانچ کا جو نظام بنایاگیاہے وہ قابل افسوس ہے۔ جنگی خطوط پر جانچ میںتیزی لانے کے علاوہ غریب او رمتوسط طبقے کے لوگوں کو فی کس بارہ کیلو چاول‘ دو کیلو دال ‘ پانچ کیلو تیل کے ساتھ7500روپئے کی ادائیگی کے علاوہ سلم بستیوں میںرہنے والی عوام ‘ غریبوں اور متوسط طبقے کے لوگوں کے تین ماہ کے برقی بل کو معاف کرنے کا بھی وفد نے مرکزی او رریاستی حکومتوں سے مطالبہ کیاہے ۔