مرکزی ٹیم نے کورونا کے ٹسٹوں میں اضافہ کی سفارش کی

   

Ferty9 Clinic

گچی باؤلی اور گاندھی ہاسپٹلس کا معائنہ ، چیف سیکریٹری اور عہدیداروں سے مشاورت
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں کورونا سے نمٹنے حکومت کے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے حیدرآباد پہنچی مرکزی ٹیم نے ٹسٹوں کی تعداد میں اضافہ اور وائرس پر قابو پانے کنٹینمنٹ کے طریقہ کار کو بہتر بنانے کا مشورہ دیا۔ جوائنٹ سیکریٹری مرکزی وزارت صحت لو اگروال کی قیادت میں سنٹرل ٹیم نے حکومت کو آئندہ دو ماہ میں ایکشن پلان تیار کرنے کا مشورہ دیا کیونکہ کورونا کے کیسیس میں مزید اضافہ کا امکان ہے۔ مرکزی ٹیم نے گچی باؤلی میں تلنگانہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس کا دورہ کیا۔ اس کے علاوہ دومل گوڑہ میں کنٹینمنٹ زون کا معائنہ کیا۔ مرکزی ٹیم نے چیف سیکریٹری سومیش کمار و دیگر عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مرکزی ٹیم نے ریاست میں ہاسپٹلس کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ٹیم کے ارکان نے کہا کہ کیسیس کی تعداد میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے معائنوں میں اضافہ ہونا چاہئے۔ محکمہ صحت کی جانب سے تفصیلی پریزنٹیشن دیا گیا جس میں بتایا گیا کہ ریاست کے سرکاری ہاسپٹلس میں 17,081 بستروں کی گنجائش ہے۔ بہتر علاج کیلئے 4,489 زائد اسٹاف کا تقرر کیا گیا۔ میڈیکل انفراسٹرکچر میں بہتری کیلئے حکومت نے 475 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں۔ مرکزی ٹیم نے گاندھی ہاسپٹل کا بھی دورہ کیا۔ اجلاس میں شریمتی شانتی کماری اسپیشل چیف سیکریٹری ہیلتھ، اروند کمار پرنسپل سیکریٹری بلدی نظم و نسق، مرکزی ٹیم کے ارکان سنجے جاجو، ڈاکٹر رویندرن، شریمتی یوگیتا رانا کمشنر ہیلتھ اینڈ فیملی ویلفیر، لوکیش کمار کمشنر جی ایچ ایم سی، شریمتی شویتا موہنتی کلکٹر حیدرآباد، اموئے کمار کلکٹر رنگاریڈی اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔