مرکزی ٹیم کا بلدیہ کے کمانڈ کنٹرول سنٹر کا معائنہ

   

Ferty9 Clinic

گڈی ملکا پور مارکٹ میں تاجرین اور عوام سے ملاقات
حیدرآباد۔/28 اپریل، ( سیاست نیوز) حیدرآباد کا دورہ کرنے والی مرکزی ٹیم نے آج گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کمانڈ کنٹرول سنٹر کا دورہ کیا اور کارکردگی کا جائزہ لیا۔ کنٹرول روم کے ذریعہ شہر میں صحت و صفائی کے انتظامات اور کورونا وائرس سے متاثرہ علاقوں میں جراثیم کش ادویات کے چھڑکاؤ کی نگرانی کی جارہی ہے۔ کنٹینمنٹ علاقوں میں عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں جی ایچ ایم سی کے رول کے بارے میں معلومات حاصل کی گئیں۔ مرکزی ٹیم نے صبح میں گڈی ملکاپور مارکٹ کا معائنہ کیا اور وہاں تاجروں اور گاہکوں سے بات چیت کی۔ مارکٹ میں سماجی فاصلہ کی برقراری کیلئے کئے جارہے اقدامات پر مرکزی ٹیم نے اطمینان کا اظہار کیا۔ جی ایچ ایم سی کے کمانڈ کنٹرول روم کو کورونا سے متعلق اطلاعات ملنے پر کس طرح کارروائی کی جاتی ہے اس سلسلہ میں عہدیداروں سے بات چیت کی گئی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ کورونا کی کسی بھی شکایت پر فی الفور کارروائی کی جارہی ہے۔ مرکزی ٹیم گزشتہ چار دنوں سے حیدرآباد کے دورہ پر ہے اور ٹیم نے بعض کنٹینمنٹ علاقوں کا بھی دورہ کرتے ہوئے لاک ڈاؤن کے نفاذ کا جائزہ لیا۔