حیدرآباد۔ 11ستمبر(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں شدید بارش اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے مرکزی ٹیم ریاست کا دورہ کر رہی ہے ۔ مرکزی وزارت داخلہ کے جوائنٹ سکریٹری کرنل کیرتی پرتاپ سنگھ کی قیادت میں 6 رکنی بین وزارتی ٹیم نقصان کا جائزہ لے رہی ہے ۔ تلنگانہ کے اضلاع کھمم، محبوب آباد، سوریہ پیٹ اور دیگر میں شدید بارش اور سیلاب سے فصلوں کو شدید نقصان پہنچا اور سڑکیں، برجس ، اریگیشن ٹینکس اور برقی تنصیبات کو بھی نقصان ہوا ہے جبکہ 30 اموات ہوئیں۔ مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے گزشتہ ہفتہ بارش اور سیلاب سے متاثرہ ضلع کھمم کے علاقوں کا فضائی سروے کیا اور مرکز کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا تیقن دیا گیا۔ قبل ازیں چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بارش سے متاثرہ اضلاع کی فوری طور پر امداد کے لئے 2000 کروڑ کی فراہمی کی مرکز سے درخواست کی تھی۔ آج صبح حیدرآباد میں چیف سکریٹری کے ساتھ اجلاس میں عہدیداروں نے مرکزی ٹیم کو سیلاب کے نقصانات کی تفصیلات سے واقف کروایا۔ پاور پوائنٹ پریزنٹیشن دیکھنے کے بعد مرکزی ٹیم نے فوٹو گرافی کی نمائش کا معائنہ بھی کیا۔
دریں اثنا، اس ٹیم کو دو ٹیموں میں تقسیم کیا جائے گا اور کھمم، سوریا پیٹ اور محبوب آباد اضلاع میں میدانی سطح پر نقصانات کا جائزہ لیاجائے گاجو شدید بارش اور سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ مرکزی ٹیم میں زراعت، سڑکوں، عمارتوں، دیہی ترقیات کے محکموں کے سینئر عہدیداروں کے ساتھ ساتھ نیشنل ریموٹ سینسنگ سنٹرکاایک سائنسدان بھی شامل ہے ۔حالیہ بارش سے ریاست بھر میں سرکاری املاک کو 5 ہزار کروڑ روپے کا نقصان پہنچا ہے اور تقریباً 30 افرادکی موت ہوئی ہے ۔