نئی دہلی۔ 18 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں پیر کو ہوئی مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں گوا کے وزیراعلیٰ منوہر پریکر کے انتقال پر شدید تعزیت کا اظہار کیاگیا۔بے حد سادہ اور نرم برتاؤ کے لئے مشہور منوہرپریکر کے انتقال پر کابینہ میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔مرکزی وزیر دفاع اور چار مرتبہ گوا کے وزیراعلیٰ کے عہدے پر فائز رہے 63سالہ پریکر کا اتوار کی شام گوا میں انتقال ہوگیا تھا۔ مرکز نے منوہر پریکر کے انتقال پر آج قومی سوگ کا اعلان کیاہے ۔اس دوران ملک کے دارالحکومت کے ساتھ دیگر ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام ریاستوں کے دارالحکومتوں میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔گوا میں سات دن کے قومی سوگ کا اعلان کیا گیا ہے ۔کابینہ نے پریکر کی یاد میں ایک تعزیتی قرار داد پیش کی جس میں کہاگیا،’’کابینہ گوا کے وزیراعلیٰ منوہر پریکر کے انتقال پر شدید تعزیت کا اظہار کرتی ہے ۔ملک نے ان کے انتقال سے ’عام آدمی کے وزیراعلیٰ ‘کے طورپر مشہور ایک تجربے کار اور غیر معمولی لیڈر کھودیا‘‘۔13دسمبر1955کو گوا کے ماپوسا میں منوہر پریکر کی پیدائش ہوئی ۔انہوں نے مڈگاؤں کے لوہیا اسکول سے تعلیم حاصل کی تھی۔انہوں نے سال 1978میں آئی آئی ٹی ممبئی سے میٹلرجکل انجینئرنگ میں گریجویشن مکمل کی تھی۔سیاست میں قدم رکھنے سے پہلے پریکر راشٹریہ سویم سیوک سنگھ(آر ایس ایس)میں شامل ہوئے اور کم عمری میں ہی سنگھ میں ’مکھیے شکشک‘ بن گئے ۔اس وقت وہ اپنے اسکول کے دنوں کے آخری مرحلے میں تھے ۔میٹلرجیکل انجینئرنگ میں گریجویشن کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد انہوں ماپوسا میں سنگھ کا کام دوبارہ شروع کیااور 26سال کی عمر میں سنگھ چالک بن گئے ۔پریکر بھارتیہ جنتا پارٹی کے ٹکٹ پر سال 1994ء میں گوا سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے ۔وہ 24اکتوبر 2000ء میں پہلی بار گوا کے وزیراعلیٰ بنے اور 27فروری 2002 ء تک اس عہدے پر برقرار رہے ۔قرار داد میں کہا گیا،’’منوہرپریکر 3 جون 2002 ء کو دوبارہ وزیراعلیٰ منتخب کئے گئے اور اس عہدے پر 2 فروری 2005 ء تک بنے رہے ۔وہ 9 مارچ 2012 ء میں تیسری بار گوا کے وزیراعلیٰ کے عہدے پر فائز ہوئے اور آٹھ نومبر 2014ء تک اس عہدے پر برقرار رہے ۔وہ 9 مارچ 2012 ء میں تیسری مرتبہ گوا کے وزیراعلیٰ عہدے پر فائز ہوئے اور 8 نومبر 2014 ء تک اس عہدے پر برقرار رہے ۔9 نومبر 2014ء کو مرکزی وزیر دفاع کے عہدے پر تعینات کئے گئے اور 13مارچ 2017 ء تک اس عہدے پر کام کیا۔اس کے بعد انہوں نے 14مارچ2017ء کو گوا کے وزیراعلیٰ عہدے کا حلف لیا۔منوہرپریکر اپنی سادگی ،نرم برتاؤ اور بہترین منتظم کے طورپر ہمیشہ یاد کئے جائیں گے ۔جدید گوا کی تعمیر،ہندوستانی مسلح دستوں کی تجدید کاری اور سابق فوجی اہلکاروں کی زندگی میں ان کے قابل ذکر کردار کو بھلایا نہیں جاسکتا‘‘۔قرار داد میں کہا گیا کہ سال 2001 میں آئی آئی ڈی نے مسٹر پریکر کو ’ڈسٹنگیوشڈالیومینس ایوارڈ‘ سے نوازا گیا تھا۔سال 2018میں گوا نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنولوجی نے منوہر پریکر کو اعزازیہ ڈاکٹریٹ اور ڈاکٹر ایس پی مکھرجی ایوارڈ سے نوازا تھا۔ان کے دو بیٹے ہیں۔قرار داد میں کہا گیا ہے کہ کابینہ ،حکومت اور پورا ملک سوگوار خاندان اور گوا کے لوگوں کے تئیں شدید تعزیت کا اظہار کرتا ہے ۔
