مرکز اور تلنگانہ حکومت کا معاشی دہشت گردوں جیسا رویہ

   

آئی ٹی دھاووں سے خوف زدہ کرنے کی کوشش۔ چیف منسٹر اے پی چندر ابابو نائیڈو کا بیان
امراوتی 7 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے آج کہا کہ مرکز میں مودی زیر قیادت حکومت اور تلنگانہ حکومت آندھرا پردیش حکومت کو عدم استحکام کا شکار کرنے معاشی دہشت گردوں جیسا رویہ اختیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومتیں آئی ٹی دھاووں کے ذریعہ عوام کو دہشت کا شکار کرنا چاہتے ہیں اور آندھرا پردیش میں بھی بہار جیسی دہشت کی سیاست لانا چاہتے ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کی جانب سے حیدرآباد میں آئی ٹی کمپنی پر دھاوے در اصل وائی ایس آر کانگریس کی تائید کرنا ہے ۔ الیکشن کمیشن کو چاہئے کہ وہ وائی ایس آر کانگریس سربراہ جگن موہن ریڈی کے خلاف مقدمہ درج کرے کیونکہ انہوں نے فرضی طریقوں سے ووٹر لسٹ سے نام حذف کرنے کی کوشش کی ہے ۔ انہوںنے آندھرا پردیش پر مقدمات درج کرنے تلنگانہ کے اختیارات کو چیلنج کیا اور کہا کہ تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومت اور جگن موہن ریڈی آندھرا پردیش کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتے ہیں۔ قبل ازیں نائیڈو نے ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ پارٹی قائدین کے ساتھ تبادلہ خیال کیا اور الزام عائد کیا کہ جگن موہن ریڈی ریاست میں اقتدار حاصل کرنے غیر اخلاقی طریقہ کار اختیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس کی جانب سے ریاست میں ووٹر لسٹ میں چھیڑ چھاڑ کی کوشش کی گئی اور اس کا انکشاف ڈاٹا چوری کیس میں ہوگیا ہے ۔ پارٹی کیڈر کیلئے ضروری ہے کہ وہ اس مسئلہ کو عوام سے رجوع کریں اور عوام کو احساس دلائیں کہ ریاست اس وقت ترقی نہیں کر پائیگی اگر وائی ایس آر کانگریس کو اقتدار مل جاتا ہے ۔ ( متعلقہ خبر اندرونی صفحات پر )