آر ٹی سی بس کرایوں میں اضافہ کی مخالفت، صدرتلگو دیشم ایل رمنا کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔9۔ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ تلگو دیشم کے صدر ایل رمنا نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ میں کے سی آر کی زیر قیادت آمرانہ طرز حکومت جاری ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایل رمنا نے کہا کہ چیف منسٹر کو عوامی مسائل کی یکسوئی کی کوئی فکر نہیں ہے، وہ فارم ہاؤز اور پرگتی بھون تک محدود ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس میں کمیشن کے حصول کیلئے بھاری رقومات خرچ کی جارہی ہے۔ کالیشورم اور دیگر پراجکٹس کیلئے کمیشن کے لالچ میں ہزاروں کروڑ روپئے خرچ کئے گئے جبکہ عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوا ۔ ایک لاکھ کروڑ کے قرض کے ذریعہ کالیشورم پراجکٹ تعمیر کیا گیا لیکن ایک ایکر اراضی کو پانی سیراب نہیں کیا جاسکا۔ رمنا نے کہا کہ ریاست میں امن و ضبط کی صورتحال ابتر ہوچکی ہے۔ جرائم کی شرح میں اضافہ ہوچکا ہے ، خاص طور پر خواتین پر مظالم کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ خاطیوں کے خلاف کارروائی میں حکومت کی سست روی اور محکمہ پولیس کے تساہل کے نتیجہ میں جرائم کی شرح بڑھتی جارہی ہے ۔ تلگو دیشم صدر نے کہا کہ ریاست میں سرکاری ملازمین پر حملوں کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ حکومت کے ذمہ داروں نے عوام کو مشتعل کرتے ہوئے بیانات دیئے جس کے نتیجہ میں عہدیداروں اور ملازمین کو عوام کی ناراضگی کا سامنا ہے ۔ آر ٹی سی بس کرایوں میں اضافہ کی مخالفت کرتے ہوئے ایل رمنا نے کہا کہ چیف منسٹر نے آر ٹی سی کے تحفظ کے نام پر عوام پر بوجھ عائد کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ سے عوام پہلے ہی پریشان تھے کہ حکومت نے آر ٹی سی کرایوں میں اضافہ کرتے ہوئے غریب اور متوسط طبقات کو نشانہ بنایا ہے۔ تلگو دیشم پارٹی بس کرایوں میں اضافہ کی مخالفت کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت غذائی اجناس کی قیمتوں پر قابو پانے میں ناکام ہوچکی ہے ۔ انہوں نے اسمبلی اجلاس طلب کرنے کی تجویز پیش کی اور کہا کہ اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن مسائل کے حل کے سلسلہ میں حکومت کو تجاویز پیش کرسکتی ہے۔ صدر تلگو دیشم نے کہا کہ کے سی آر کے ایک سالہ دور حکومت کی ناکامیوں کے خلاف چہارشنبہ کو ریاست گیر سطح پر احتجاج منظم کیا جائے گا ۔ جمعرات کو حیدرآباد کے دھرنا چوک پر احتجاجی پروگرام منظم کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ مرکز کی نریندر مودی حکومت کے 8 ماہ کی ناکامیوں کے خلاف لوک سبھا حلقہ جات کی سطح پر احتجاج منظم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے اپنی دوسری میعاد کا ایک سال مکمل کرلیا ہے لیکن وہ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکے ہیں۔