گاندھی بھون میں کانگریس یوم تاسیس تقریب، ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔/28 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے پارٹی قائدین اور کارکنوں سے اپیل کی کہ کانگریس کے 137 ویں یوم تاسیس کے موقع پر مرکز اور ریاست میں پارٹی کو برسراقتدار لانے کیلئے جدوجہد کا عہد کریں۔ گاندھی بھون میں کانگریس کی یوم تاسیس تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے پارٹی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر پارٹی کے سینئر قائدین سابق صدور پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی، پونالہ لکشمیا، وی ہنمنت راؤ، اے آئی سی سی سکریٹریز بوس راجو، سمپت کمار، چنا ریڈی، مدھو یاشکی گوڑ، رکن اسمبلی جگا ریڈی، سابق رکن پارلیمنٹ ملو روی، ایم کودنڈا ریڈی، کسم کمار، پدماوتی ریڈی اور دوسروں نے شرکت کی۔ ریونت ریڈی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مرکز کی بی جے پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی جدوجہد آزادی اور ملک کی ترقی میں کانگریس کے رول کو کمتر دکھانے کی کوشش کررہے ہیں۔ وہ ملک کی تاریخ میں تبدیلی کرتے ہوئے مجاہدین آزادی کی قربانیوں کو نئی نسل سے دور کرنا چاہتے ہیں۔ بی جے پی ترقی کے بجائے فرقہ پرست ایجنڈہ کے ذریعہ اقتدار کے حصول کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی وقفہ وقفہ سے متنازعہ مسائل کو ہوا دے رہے ہیں۔ مودی کا کوئی خاندان نہیں ہے نہ ہی ان کے بچے ہیں لہذا وہ لڑکیوں کی شادی کی عمر کے تعین کا فیصلہ کرنے کے اہل نہیں۔ لڑکیوں کی شادی عمر 18 سے بڑھا کر 21 سال کرنے کا ایک نیا شوشہ چھوڑ کر عوام میں الجھن پیدا کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ پرست ایجنڈہ کے ذریعہ بی جے پی یو پی اور دیگر ریاستوں میں اقتدار کا خواب دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام بی جے پی اقتدار سے عاجز آچکے ہیں اور وہ ملک میں کانگریس کو دوبارہ برسراقتدار لانے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ ملک کی ہمہ جہتی ترقی کانگریس کی مرہون منت ہے۔ کانگریس نے نہ صرف ملک کو آزاد کیا بلکہ سائینس و ٹکنالوجی اور ہر طبقہ کی بھلائی کے اقدامات کئے۔ جدوجہد آزادی سے بی جے پی قائدین کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ ریونت ریڈی نے افسوس کا اظہار کیا کہ فرقہ پرست طاقتیں مہاتما گاندھی کے خلاف مہم چلارہی ہیں اور ان کے قاتلوں کو ہیرو کے طور پر پیش کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن وامان اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا فروغ کانگریس کے اقتدار میں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام بڑے پراجکٹس اور صنعتیں کانگریس دور حکومت کے کارنامے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی طاقت کانگریس کی قربانیوں کو کم نہیں کرسکتی اور نہ ہی کانگریس کو کمزور کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کانگریس کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ عوامی مسائل کیلئے جدوجہد کرتے ہوئے عوام کے درمیان رہیں۔