کالیشورم پراجکٹ کی رپورٹ مرکز کو نہیں بھیجی گئی، جیون ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/12 جولائی، ( سیاست نیوز)کانگریس رکن قانون ساز کونسل ٹی جیون ریڈی نے مرکز اور ریاستی حکومت پر تلنگانہ کے مسائل کو نظرانداز کرنے کا الزام عائد کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے جیون ریڈی نے کہا کہ تشکیل تلنگانہ سے قبل کے سی آر نے عوام سے جو وعدے کئے تھے انہیں فراموش کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی اور ریاست کی کے سی آر حکومتوں نے تلنگانہ کو قرض میں غرق کردیا ہے۔ کالیشورم پراجکٹ کو قومی پراجکٹ کا درجہ نہ دیتے ہوئے عوام پر زائد بوجھ عائد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر اپنی شخصی تشہیر پر توجہ مرکوز کرچکے ہیں اور کالیشورم پراجکٹ اس کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے کالیشورم پراجکٹ کی رپورٹ مرکز کو روانہ نہیں کی جس کے نتیجہ میں قومی پراجکٹ کے درجہ پر مرکز نے غور نہیں کیا۔ مرکز نے اس بات کی خود وضاحت کردی ہے کہ اسے تفصیلی رپورٹ روانہ نہیں کی گئی۔ انہوں نے سوال کیا کہ کالیشورم پراجکٹ کی تفصیلی رپورٹ مرکز کو دیئے بغیر کس طرح قومی پراجکٹ کا درجہ دیئے جانے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ جیون ریڈی نے کہا کہ کے سی آر دراصل عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کے سی آر نے پراجکٹ کی تفصیلی رپورٹ مرکز کو روانہ کی ہے تو پھر راجیہ سبھا میں مرکز کے خلاف تحریک مراعات پیش کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے مرکز کو تفصیلات روانہ کرنے کی صورت میں وائیٹ پیپر جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ جیون ریڈی نے کہا کہ کالیشورم کو قومی پراجکٹ کا درجہ حاصل کرنے میں ناکامی کی ذمہ داری کے سی آر کو قبول کرنی چاہیئے۔ کانگریس رکن کونسل نے الزام عائد کیا کہ آندھرا پردیش تنظیم جدید قانون میں تلنگانہ کے ساتھ جو وعدے کئے گئے تھے انہیں فراموش کردیا گیا ہے۔