مرکز اور ریاست کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف کانگریس کا ایجی ٹیشن

   

Ferty9 Clinic

3 جولائی تک مختلف مراحل میں احتجاج، برقی بلز کی معافی کا مطالبہ: اتم کمار ریڈی

حیدرآباد۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے 28 جون تا 3 جولائی پارٹی کے مختلف پروگراموں کا اعلان کیا ہے۔ گاندھی بھون میں کارگذار صدر پونم پربھاکر، کسم کمار، اے آئی سی سی ترجمان ڈی شراون اور نائب صدر ملو روی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر پردیش کانگریس نے بتایا کہ 28 جون کو سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ کی پیدائشی تقاریب منائی جائیں گی۔ 29 جون کو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف ریاست کے تمام ضلع ہیڈکوارٹرس پر احتجاج منظم کیا جائے گا اور عہدیداروں کو یادداشت پیش کی جائے گی۔ 30 جون کو تمام اسمبلی حلقوں میں ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے کورونا وائرس پر قابو پانے میں ناکامی کے خلاف قائدین پریس کانفرنس کے ذریعہ عوام میں شعور بیدار کریں گے۔ 3 جولائی کو تمام منڈلوں اور اسمبلی حلقوں کے مراکز پر برقی بلز میں اضافہ کے خلاف احتجاج منظم کیا جائے گا۔ کانگریس قائدین اور کارکن سیاہ بیاچس اور سیاہ پرچموں کے ساتھ احتجاج منظم کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ان پروگراموں کیلئے عہدیداروں کی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں پونم پربھاکر، کسم کمار، ملو روی، ڈی شراون، مہیش کمار گوڑ، بی کشن اور صدر یوتھ کانگریس انیل کمار یادو کو شامل کیا گیا ہے۔ یہ کمیٹی ریاست بھر میں پروگراموں کے انعقاد کی نگرانی کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ نرسمہا راؤ کی جینتی تقاریب بڑے پیمانے پر منائی جائیں گی۔ یہ تقاریب ایک سال تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2009 میں کانگریس پارٹی نے نرسمہا راؤ کو بھارت رتن اعزاز کیلئے مرکز سے نمائندگی کی تھی۔ اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے میں کے سی آر حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ گذشتہ تین ماہ میں صورتحال تشویشناک شکل اختیار کرگئی اور دواخانوں میں مریضوں کیلئے بستر نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا صورتحال سے کے سی آر حکومت کی نااہلی ثابت ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی نااہلی کے نتیجہ میں وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ انہوں نے کورونا سے فوت ہونے والے طبی عملے کے پسماندگان کو 50 لاکھ روپئے امداد کا مطالبہ کیا۔ کورونا سے فوت ہونے والے غریب خاندانوں کو حکومت 10 لاکھ روپئے کی امداد فراہم کرے۔ برقی بلز میں اضافہ کی مخالفت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ریاست بھر میں پارٹی احتجاج منظم کرے گی۔ انہوں نے سفید راشن کارڈ ہولڈرز کے برقی بلز کی معافی کا مطالبہ کیا۔