مرکز سے اڈیشہ کو چار لاکھ میٹرک ٹن یوریا فراہم کرنے کا مطالبہ

   

بھونیشور: اڈیشہ کے زراعت اور کسانوں کو بااختیار بنانے کے وزیر رنندر پرتاپ سوین نے مرکز سے ریاست کے لیے گزشتہ سیزن کی چار لاکھ میٹرک ٹن یوریا کی ضرورت کو بحال کرنے کی اپیل کی ہے ۔ بھونیشور سے سوین جمعہ کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ مرکزی وزیر برائے کیمیکل اور فرٹیلائزر ڈاکٹر منسکھ مانڈویا کی صدارت میں ہونے والی میٹنگ میں شامل ہوئے اور اس دوران انہوں نے کہا کہ یوریا کھاد کی فراہمی میں کوئی کمی ریاست میں زرعی پیداوار کو متاثر کرے گی۔ انہوں نے مرکزی وزیر سے درخواست کی کہ وہ درکار 75,000ایم ٹی ایم او پی جاری کریں کیونکہ اس وقت ریاست میں تقریباً 39,000 ایم ٹی ایم او پی کی کمی ہے ۔ سوین نے کہا کہ اڈیشہ میں نینو یوریا کو اپنانا شروع ہو گیا ہے جبکہ ریاست کے کسان روایتی یوریا کو ترجیح دیتے ہیں، اس لیے کسانوں کو نینو یوریا استعمال کرنے پر مجبور نہیں کیا جانا چاہیے ۔ وزیر نے مزید کہاکہ ریاست میں کھاد کی کھپت نسبتاً کم ہے اور نینو یوریا کو آگے بڑھانے کی کوئی بھی کوشش کم اپنانے کی وجہ سے پیداوار کو متاثر کر سکتی ہے ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ریاست کسانوں کو نینو یوریا اپنانے کی ترغیب دے رہی ہے ۔ سوین نے مشورہ دیا کہ پی ایم پرانم پروگرام کے تحت کھاد کی سبسڈی کی 50 فیصد امداد کی حد کو اوڈیشہ کے لیے نرم کیا جائے کیونکہ کھاد کی کھپت کی شرح کم ہے ۔