نئی دہلی 26 جولائی ( پی ٹی آئی ) مرکزی حکومت نے اب تک تلنگانہ کو 14 فوڈ پراسیسنگ پراجیکٹس منظور کئے ہیں جن کیلئے 187.4 کروڑ روپئے کی مرکزی مدد بھی شامل ہے ۔ ان میں دو بڑے فوڈ پارکس بھی شامل ہیں۔ مرکی وزیر تغذیہ ہرسمرٹ کور بادل نے راجیہ سبھا کو یہ بات بتائی ۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ پراجیکٹس کیلئے ریاستی حکومت کی کوئی درخواست زیر التواء نہیں ہے انہوں نے کہا کہ پراجیکٹس کا جائزہ لینے کیلئے ایک موثر اور شفاف نام موجود ہے ۔ جو تجاویز مرکزی رہنما خطوط کی تکمیل نہیں کرتیں انہیںمسترد کردیا جاتا ہے ۔ وزیر موصوفہ نے ٹی آر ایس لیڈر کے کیشو راو سے کہا کہ وہ تین میگا فوڈ پراجیکٹس تلنگانہ میں قائم کرنے کیلئے ریاستی حکومت کی تجاویز کو نئے انداز میں دوبارہ روانہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ان پراجیکٹس کا الاٹمنٹ مرحلہ وار انداز میں کیا جا رہا ہے ۔ جیسے ہی ایک کا انفرا اسٹرکچر پورا ہوجاتا ہے دوسرے کا کام شروع ہوتا ہے گرانٹس کی اجرائی بھی عمل میں لائی جاتی ہے ۔
