حیدرآباد ۔ 2 اکٹوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ بی جے پی یونٹ صدر جی کشن ریڈی نے کہا کہ انہوں نے کہیں بھی کے سی آر جیسا چیف منسٹر کبھی نہیں د یکھا ہے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ ’’اگر وزیراعظم نریندر مودی تلنگانہ میں ترقیاتی پراجکٹس کا آغاز کرنے کیلئے آئیں تو چیف منسٹر اس میں شرکت نہیں کریں گے۔ مرکز نے گذشتہ 9 سال میں تلنگانہ کو 9 لاکھ کروڑ روپئے دیئے ہیں لیکن کے سی آر خاندان کا کہنا ہیکہ انہوں نے ہمیں کیا دیا ہے؟ انہوں نے ہمارے خاندان کو کیا دیا؟ ہمارے فارم ہاؤز کو کیا دیا ؟ اتوار کو محبوب نگر میں منعقدہ جلسہ سے مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں ایسے چیف منسٹر ہیں جو نظریاتی اختلافات رکھتے ہیں لیکن چیف منسٹر تلنگانہ جیسا کوئی نہیں ہے۔ اگر وزیراعظم تلنگانہ آتے ہیں تو تلنگانہ کے چیف منسٹر نہیں آئیں گے۔