مرکز سے فنڈس کے حصول کے مسئلہ پر دہلی میں تلنگانہ ارکان پارلیمنٹ کا اجلاس

   

خصوصی نمائندہ جیتندر ریڈی کی مساعی، عنقریب وزیراعظم اور وزراء سے ملاقات

حیدرآباد 17 مارچ (سیاست نیوز) نئی دہلی میں تلنگانہ کے خصوصی نمائندہ سابق رکن پارلیمنٹ اے پی جیتندر ریڈی نے تلنگانہ ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ریاست کی ترجیحات پر بات چیت کی۔ پارلیمنٹ کے جاریہ بجٹ سیشن میں تلنگانہ کے اُمور پر مرکز سے نمائندگی اور درکار فنڈس کے حصول کے لئے دباؤ بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ جیتندر ریڈی نے کہاکہ آندھراپردیش تنظیم جدید قانون میں تلنگانہ کے ساتھ جو وعدے کئے گئے تھے، اُن کی آج تک تکمیل نہیں ہوئی۔ تلنگانہ کے کئی اہم پراجکٹس کو مرکز نے فنڈس جاری نہیں کئے۔ جیتندر ریڈی نے ارکان پارلیمنٹ سے کہاکہ فنڈس کی اجرائی کے لئے پارلیمنٹ اور اُس کے باہر مرکز سے مؤثر نمائندگی کریں۔ تلنگانہ حکومت نے ایک سینئر آئی اے ایس عہدیدار کو مرکز سے مسائل کے حل کے سلسلہ میں رابطہ کار مقرر کیا ہے۔ ارکان پارلیمنٹ کو مرکز سے درکار فنڈس اور پراجکٹس کی تفصیلات حوالہ کی گئیں۔ ارکان پارلیمنٹ نے مرکز سے نمائندگی کے سلسلہ میں تجاویز پیش کیں۔ جیتندر ریڈی نے کہاکہ مرکز سے مؤثر نمائندگی کے لئے جلد ہی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ ضرورت پڑنے پر وزیراعظم نریندر مودی اور متعلقہ وزارتوں کے وزراء سے نمائندگی کا منصوبہ ہے۔ اجلاس میں ڈاکٹر ملو روی، سی ایچ کرن کمار ریڈی، آر رگھورام ریڈی، کے رگھوویر ریڈی، کڈیم کاویا کے علاوہ ریسیڈنٹ کمشنر ڈاکٹر شیشانک گوئل اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔1