وزیر فینانس ہریش راؤ کی نئی دہلی میں صدرنشین فینانس کمیشن سے ملاقات، چیف منسٹر کے مکتوب کی پیشکشی
حیدرآباد28جنوری(یواین آئی)تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو نے ریاستی حکومت کی جانب سے شروع کردہ ترقیاتی کاموں کے لئے مرکزی فنڈس کے ساتھ ساتھ کالیشورم پروجیکٹ اور مشن بھاگیرتا کے لئے مالی امداد کی فراہمی کی خواہش کی ہے ۔چیف منسٹر کی اپیل سے آج قومی دارالحکومت نئی دہلی میں تلنگانہ کے وزیرفینانس ہریش راو نے 15ویں فینانس کمیشن کے صدرنشین نند کشور سنگھ کوواقف کروایا۔مسٹر راو نے اس خصوص میں چیف منسٹر کی جانب سے موسومہ مکتوب بھی مسٹر سنگھ کے حوالے کیا۔ہریش راو نے انفراسٹرکچر کی ترقی کے لئے زائد فنڈس فراہم کرنے کے علاوہ قرض کی حد میں اضافہ کی بھی خواہش کی۔ہریش راو نے بعدازاں کہا کہ صدرنشین نے کالیشورم پروجیکٹ اور مشن بھاگیرتا کی ستائش کی کیونکہ ان پروجیکٹس کا شمار ملک کے بہترین پروجیکٹس میں ہوتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ صدرنشین جلد ہی اپنی رپورٹ پیش کریں گے ۔اسی لئے ان پر زور دیاگیا ہے کہ وہ ان دونوں پروجیکٹس کی نگرانی کے لئے فنڈس جاری کئے جائیں۔انہوں نے مشن بھاگیرتا کے لئے 19000کروڑ روپئے فراہم کرنے کی خواہش کی جس کی سفارش نیتی آیوگ نے کی تھی۔علاوہ ازیں وزیرموصوف نے آئندہ پانچ سال کے لئے مشن بھاگیرتا کے لئے 12000کروڑ روپئے فراہم کرنے کی بھی خواہش کی۔ان پروجیکٹس کے لئے درکار فنڈس کی ضرورت سے واقف کرواتے ہوئے ہریش راو نے کہا کہ پانی کی پمپنگ اقل ترین اونچائی 80میٹراور اعظم ترین اونچائی 600میٹر تک کی جاتی ہے ۔کالیشورم پروجیکٹ کے ذریعہ لفٹ اریگیشن اسکیم کے لئے بھاری مصارف عائد ہورہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ تلنگانہ ریاست کا قیام ہی دریاوں کے پانی میں اس کی مناسب حصہ داری کو یقینی بنانے کے مقصد کے ساتھ کیاگیا تھا۔گزشتہ پانچ برسوں میں ریاست نے پالمور اور سیتاراما لفٹ اریگیشن اسکیمات کو مکمل کیا ہے ۔انہوں نے کلواکرتی پروجیکٹ اور نیٹم پاڈوپروجیکٹس کی جلد تکمیل کے لئے 500کروڑ روئے فراہم کرنے کی بھی خواہش کی۔انہوں نے کمیشن کے صدرنشین پر زوردیتے ہوئے کہاکہ یہ پروجیکٹ مرکز کی ہر گھر کو پینے کے پانی کی سپلائی کی تجویز کے مطابق شروع کیاگیا ہے۔