مرکز سے 1,350 کروڑ کی فوری اجرائی کا مطالبہ : چیف منسٹر

,

   

ریاست میں 50 اموات ، 5,000 کروڑ روپئے کے نقصانات
مہلوکین کے ورثاء کو فی کس 5 لاکھ ایکس گریشیا
گریٹر حیدرآباد کیلئے صرف 5 کروڑ کی اجرائی کا فیصلہ
تلنگانہ میں بارش کی تباہ کاریاں

حیدرآباد۔ مرکزی حکومت تلنگانہ میں بارش سے نقصانات کی پابجائی کیلئے فوری 1350کروڑ جاری کرے ۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے بارش سے نقصانات اور امدادی کاموں کا اجلاس میں جائزہ لیا ۔ ریاست میں بارش کے سبب 5000کروڑ کے نقصانات کا تخمینہ کیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت نے بارش بالخصوص کسانوں کو نقصانات کی پابجائی کیلئے 600 کروڑ روپئے جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے جی ایچ ایم سی حدود میں امدادی کاموں کیلئے 5کروڑ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ۔حکومت نے بارش کے دوران حادثات میں فوت افراد کے خاندانوں کو فی کس 5لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا ہے۔چیف منسٹر نے نالوں پر ناجائز قبضوں اور بارش میں بہہ جانے والے مکانات کی منتقلی اور انہیں سرکاری اراضیات پر مکانات تعمیر کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔کے سی آر نے اضلاع کی صورتحال کا بھی کا جائزہ لیا ۔ اجلاس میں وزراء کے ٹی راما راؤ‘ محمد محمود علی ،ٹی سرینواس یادو‘ پی راجیشور ریڈی کے علاوہ راجیو شرما‘ سومیش کمار‘ ڈی پربھاکر راؤ‘ اروند کمار‘ راما کرشنا راؤ اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔انہوںنے محکمہ برقی کو ہدایت دی کہ جہاں کہیں سربراہی منقطع ہے فوری بحال کرنے اقدامات کئے جائیں۔ریاست میں بارش سے جملہ 50اموات ہوئی ہیں جن میں 11کا تعلق حیدرآباد سے ہے۔ بارش کے سبب 7لاکھ 35 ہزار ایکڑ پر محیط فصلیں زیر آب آگئی ہیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ بارش سے 2000کروڑ کی پیداوار تباہ ہوچکی ہیں۔ بارش کے دوران 20ہزار540مکانات متاثر ہوئے ہیں جو کہ 144کالونیوں میں ہیں۔ علاوہ ازیں یہ توثیق کی گئی کہ اب بھی شہر میں 72 مقامات بارش کے پانی میں محصور ہیں۔حیدرآباد میں 14مکانات مکمل تباہ ہوچکے ہیں جبکہ 65 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ گریٹر حیدرآباد حدود میں این ڈی آر ایف عملہ راحت کاری کاموں میں مصروف ہے جبکہ 445سڑکوں کو نقصان پہنچا اور 6مقامات پر قومی شاہراہوں کو نقصان پہنچنے کی توثیق ہوئی ہے۔شہر میں 72 راحت کاری کیمپ قائم کئے گئے ہیں اور 1لاکھ 10ہزار افراد کو روزانہ کھانا فراہم کیا جا رہاہے۔

قومی شاہراہوں کو نقصانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ چیف منسٹر نے وزیر اعظم نریندر مودی کو مکتوب روانہ کرکے خواہش کی کہ وہ 5000 کروڑ کے نقصانات کی پابجائی کیلئے آفات سماوی فنڈ سے بجٹ کی اجرائی کو یقینی بنائیں اور فوری 1350 کروڑ روپئے کی اجرائی عمل میں لائی جائے تاکہ تباہ حال انفراسٹرکچر کی صورتحال کو بہتر بنایا جاسکے ۔ انہوں نے گذشتہ یوم وزیر اعظم مودی کے فون کال کے علاوہ گورنر ڈاکٹر ٹی سوندراراجن کو صدر جمہوریہ ہند رام ناتھ کووند کے فون کال کا تذکرہ کیا۔ اجلاس میں محکمہ برقی کو نقصانات کے سلسلہ میں بتایا گیا کہ ٹرانسکو کے حدود میں موجود 9سب اسٹیشنوں ‘ اور ایس پی ڈی سی ایل کے 15 سب اسٹیشنوں کے علاوہ این پی ڈی سی ایل کے 2 سب اسٹیشنوں میں پانی داخل ہوا تھا جہاں سے برقی بحالی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔شہر کی مختلف کالونیوں میں پانی کی صورتحال اور راحت کاری کی تفصیلات چیف منسٹر نے حاصل کی اور وجوہات کا جائزہ لینے کے علاوہ پانی کی نکاسی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ۔ دونوں شہروں کے کئی علاقو ںمیں ریاستی و مرکزی حکومت کے حکام کی راحت کاری کے متعلق بھی تفصیلات حاصل کی گئی۔ چیف منسٹر نے تمام وزراء اور عہدیدار وںکو راحت کاری کے ساتھ نقصانات کے تخمینہ کے علاوہ صورتحال کو جلد معمول پر لانے کی ہدایت دی۔