نئی دہلی 31اکتوبر (یواین آئی) مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ساتھ ساتھ مرکزی مسلح نیم فوجی دستوں اور مرکزی پولیس تنظیموں کے 1,466 اہلکاروں کو سال 2025 کے لیے ‘مرکزی وزیر داخلہ کارکردگی تمغہ سے نوازا گیا ہے ۔ وزارت داخلہ نے جمعہ کو یہاں ایک بیان میں یہ اطلاع دی۔’مرکزی وزیر داخلہ کارکردگی تمغہ’ خصوصی آپریشنز، تفتیش، انٹیلی جنس اور فرانزک سائنس کے شعبوں میں نمایاں کام کو تسلیم کرنے اور اعلیٰ پیشہ ورانہ معیارات کو فروغ دینے اور اہلکاروں اور افسران کے حوصلے کو بڑھانے کے لیے دیا جاتا ہے ۔ کارکردگی کا یہ تمغہ تمام پولیس اہلکاروں اور افسران کے حوصلے بلند کرے گا۔ مرکزی وزارت داخلہ نے گزشتہ سال فروری میں ’یونین ہوم منسٹرز ایفیشینسی میڈل‘ کے لیے نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ یہ تمغہ پولیس فورسز، سیکورٹی تنظیموں، ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں اور پولیس فورسز کی انٹیلی جنس/خصوصی شاخوں اور ملک بھر میں فرانزک سائنس کے شعبے میں خدمات انجام دینے والے سرکاری سائنسدانوں کو آپریشنز میں بہترین کارکردگی، تحقیقات میں شاندار خدمات، غیر معمولی کارکردگی، بے مثال اور دلیرانہ انٹیلی جنس خدمات اور شاندار کام کے لیے دیا جائے گا۔ ان تمغوں کا اعلان ہر سال 31 اکتوبر کو سردار ولبھ بھائی پٹیل کی یوم پیدائش پر کیا جاتا ہے ۔