مرکز منتخب حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوشاں : ہیمنت سورین

   

رانچی :جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے انفورسمنٹ دائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے خلاف قانونی محاذ کھول دیا ہے۔ انھوں نے ای ڈی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر دیوورَت جھا کو خط لکھا جس میں کہا ہے کہ ایجنسی انھیں بھیجا گیا سمن واپس لے، ورنہ وہ قانون کا سہارا لیں گے۔دراصل ای ڈی نے وزیر اعلیٰ کو سمن بھیج کر 14 اگست کو رانچی واقع دفتر میں حاضر ہونے کو کہا تھا۔ ایجنسی نے سورین سے ان کی ملکیت کو لے کر بیان ریکارڈ کرنے کو کہا تھا۔ وزیر اعلیٰ سمن پر حاضر نہیں ہوئے۔ ان کے خصوصی ایلچی نے ای ڈی دفتر پہنچ کر وزیر اعلیٰ کا خط سونپا۔ وزیر اعلیٰ نے خط میں لکھا ہے کہ ان کو بے وجہ سمن بھیج کر پریشان کیا جا رہا ہے۔ جس تاریخ کو بلایا گیا تھا، اس سے انھیں کسی طرح کی حیرانی نہیں ہوئی۔ اس کی تیاری ایک ہفتہ پہلے سے شروع ہو جاتی ہے۔ یہ جاننے کے باوجود 14 اگست کو بلایا گیا۔ اس سے صاف ہے کہ قصداً نہ صرف ان کی بلکہ جمہوری طور سے منتخب کی گئی حکومت اور جھارکھنڈ کے لوگوں کے وقار کو مندمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔وزیر اعلیٰ نے لکھا ہے کہ یہ ایک منتخب حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش ہے۔