مرکز میںوزارتوں سے زیادہ چندرا بابو نائیڈو کو فنڈز کے حصول کی فکر

   

آندھرا پردیش کیلئے خصوصی موقف اور زیر التواء پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل کا فیصلہ

حیدرآباد۔/9جون، ( سیاست نیوز) تلگودیشم سربراہ این چندرا بابو نائیڈو نے مرکزی کابینہ کی وزارتوں سے زیادہ آندھرا پردیش کی ترقی پر توجہ مرکوز کی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چندرا بابو نائیڈو نے وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے اعلیٰ قائدین سے بات چیت کے دوران یہ واضح کردیا کہ انہیں مرکزی وزارت میں شمولیت سے زیادہ ریاست کی ترقی کیلئے مرکز سے زائد فنڈز کے حصول میں دلچسپی ہے۔ بی جے پی نے تلگودیشم کو ابتداء میں 4 وزارتوں کا پیشکش کیا تھا لیکن بعد میں دو وزراء کی شمولیت کا فیصلہ کیا گیا۔ چندرا بابو نائیڈو کے قریبی ذرائع کے مطابق ریاست کیلئے خصوصی موقف کے حصول پر نائیڈو کی توجہ مرکوز ہے تاکہ ریاست کے مختلف پراجکٹس کیلئے مرکز سے فنڈز حاصل کئے جائیں۔ این ڈی اے کی دوسری بڑی پارٹی کا موقف رکھنے والی تلگودیشم نے آندھرا پردیش تنظیم جدید قانون کے تحت کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا مطالبہ کیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ مرکزی وزارت سے زیادہ آندھرا پردیش کے مفادات اہمیت کے حامل ہیں۔ تلگودیشم نے مرکز کی غیر مشروط تائید کا فیصلہ کیا ہے اور زائد وزارتوں کے حصول کی صورت میں ریاست کے مفادات پر توجہ کم ہوسکتی ہے۔ چندرا بابو نائیڈو پولاورم اور امراوتی پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل کیلئے مرکز سے فنڈز حاصل کرنا چاہیں گے۔ ان کا ماننا ہے کہ دارالحکومت امراوتی کی ترقی سے نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ پارٹی کے نومنتخب ارکان سے ملاقات کے دوران بھی چندرا بابو نائیڈو نے واضح کیا کہ ان کی ترجیح ریاست کیلئے مرکز سے زائد فنڈز کا حصول ہے۔ انہوں نے ارکان پارلیمنٹ پر واضح کردیا کہ بی جے پی کے نجی ایجنڈہ کو قبول نہیں کیا جائے گا۔1