پنجاب کے فرید کورٹ میں بھٹی وکرامارکا کانگریس کی انتخابی مہم میں مصروف
حیدرآباد 27 مئی (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے پنجاب میں کانگریس کی انتخابی مہم جاری رکھتے ہوئے فرید کورٹ لوک سبھا حلقہ کے مختلف علاقوں میں عوامی جلسوں سے خطاب کیا۔ اُنھوں نے کسانوں کو بھروسہ دلایا کہ مرکز میں انڈیا اتحاد برسر اقتدار آنے کے بعد کسانوں کے قرضہ جات معاف کئے جائیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ بی جے پی کی مخالف کسان پالیسیوں کا خمیازہ لوک سبھا چناؤ میں بھگتنا پڑے گا۔ بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ انڈیا الائنس حکومت فوج میں بھرتی سے متعلق اگنی ویر اسکیم کو ختم کردے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ چین، ہندوستان کی سرزمین پر قابض ہوچکا ہے لیکن وزیراعظم نریندر مودی میں ہمت نہیں کہ وطن کی سرزمین واپس حاصل کرسکیں۔ بھٹی وکرامارکا نے فرید کورٹ کے تحت اسمبلی حلقہ کوٹک پور میں رائے دہندوں سے ملاقات کی۔ اُنھوں نے کسانوں سے اُن کے مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور بتایا کہ تلنگانہ میں کسانوں کے لئے 2 لاکھ روپئے تک قرض معافی اسکیم کا اعلان کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس حکومت کسانوں کو فصلوں پر فی کنٹل 500 روپئے بونس فراہم کررہی ہے۔ کسانوں کے مفادات کی تکمیل کے بجائے نریندر مودی حکومت اڈانی اور امبانی کے مفادات کی تکمیل کررہی ہے۔ ملک کے اہم عوامی ادارے اڈانی کے حوالے کئے گئے۔ اُنھوں نے کہاکہ گزشتہ 10 برسوں میں مودی حکومت نے عوام کو بیروزگاری اور مہنگائی کا تحفہ دیا ہے۔ 1