مرکز میں انڈیا اتحاد حکومت کی تشکیل ، 15 اگست تک 30 لاکھ جائیدادوں پر تقررات

,

   

بی جے پی دستور اور تحفظات ختم کرنے کے درپہ ، مودی کو سرمایہ کاروںکی فکر، نرسا پور میں کانگریس قائد راہول گاندھی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 9۔ مئی (سیاست نیوز) کانگریس قائد راہول گاندھی نے عوام سے اپیل کی کہ دستور کے تحفظ کیلئے ملک میں کانگریس زیر قیادت انڈیا الائنس کو برسر اقتدار لائیں۔ راہول گاندھی نے آج میدک لوک سبھا حلقہ کے تحت نرسا پور میں کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کیا۔ انہوں نے بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ بی جے پی نے آر ایس ایس کے ساتھ مل کر ملک کے موجودہ دستور کو ختم کرنے کی سازش رچی ہے۔ دستور میں غریبوں ، کسانوں ، آدیواسی اور گریجن طبقات کو حقوق فراہم کئے ہیں۔ دستور کی تیاری سے قبل کمزور طبقات کو کوئی حقوق حاصل نہیں تھے۔ غریبوں کیلئے دستور ایک طاقت ہے جو ان کے حقوق اور مفادات کا تحفظ کرتا ہے ۔ مہاتما گاندھی ، جواہر لال نہرو ، ڈاکٹر امبیڈکر اور دیگر قائدین نے طویل مشاورت کے بعد دستور ہند تیار کیا۔ بی جے پی قائدین دستور میں تبدیلی کا کھلے عام اعلان کر رہے ہیں۔ راہول گاندھی نے کہا کہ لوک سبھا چناؤ دراصل دو نظریات کے درمیان لڑائی کی طرح ہے۔ ایک طرف راہول گاندھی ، سونیا گاندھی ،ملکارجن کھرگے اور ریونت ریڈی ہیں جو دستور میں تبدیلی کے خلاف ہیں۔ دوسری طرف نریندر مودی اور آر ایس ایس قائدین دستور میں تبدیلی چاہتے ہیں۔ راہول گاندھی نے واضح کیا کہ کانگریس پارٹی دستور کا تحفظ کرے گی اور کوئی بھی طاقت دستور کو تبدیل نہیں کرپائے گی۔ انہوں نے مودی حکومت پر غریبوں کے بجائے سرمایہ داروں کی سرپرستی کا الزام عائد کیا اور کہا کہ ملک کے 25 سرمایہ داروں کے مفادات کا نریندر مودی تحفظ کر رہے ہیں۔ راہول گاندھی نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس ملک میں ایس سی ، ایس ٹی اور او بی سی کے تحفظات ختم کرنا چاہتے ہیں۔ تحفظات ختم کرنے کیلئے نریندر مودی نے عوامی شعبہ کے اداروں کو خانگیانے کا عمل شروع کیا ہے ۔ سرکاری اداروں کو خانگی شعبہ کے حوالے کردیا گیا جہاں تحفظات کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ کانگریس نے برسر اقتدار آنے پر ذات پات پر مبنی مردم شماری کا وعدہ کیا ہے تاکہ مختلف طبقات کی حقیقی آبادی کا پتہ چلایا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں کمزور طبقات کی جملہ آبادی 90 فیصد ہے ۔ کانگریس مردم شماری کے عہد پر پابند ہے تاکہ آبادی کے اعتبار سے فوائد تقسیم کئے جاسکیں۔ مردم شماری کے بعد ملک میں سیاسی شعور بیدار ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ 90 فیصد عوام کے مجموعی اثاثہ جات ملک میں صرف 2 فیصد سرمایہ داروں کے پاس ہیں۔ گزشتہ 10 برسوں میں نریندر مودی نے اڈانی کیلئے کام کیا۔ اڈانی کو ایرپورٹ ، پورٹ اور سرکاری ادارے حوالے کئے گئے ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ کروڑوں افراد کو لکھ پتی بنانے کا وقت آچکا ہے اور کانگریس پارٹی دو فیصد سرمایہ داروں کے مماثل اثاثہ جات غریبوں میں تقسیم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ہر خاندان سے ایک خاتون کا انتخاب کرتے ہوئے ان کے اکاؤنٹ میں سالانہ ایک لاکھ روپئے جمع کئے جائیں گے۔ کروڑوں خاندانوں کی خواتین کے اکاؤنٹ میں ہر ماہ 7,500 روپئے جمع کئے جائیں گے ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے کروڑوں نوجوانوں کو بیروزگار بنادیا ہے جبکہ کانگریس روزگار ضمانت اسکیم شروع کرے گی۔ راہول گاندھی نے دعویٰ کیاکہ 4 جون کو مرکز میں انڈیا الائنس کی حکومت تشکیل پائے گی اور 15 اگست تک 30 لاکھ سرکاری جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کسانوں کیلئے مرکز کی جانب سے ہر ممکن مدد کا بھروسہ دلایا اور کہا کہ تلنگانہ حکومت نے پانچ ضمانتوں پر عمل کا آغاز کردیا ہے ۔ 1