مرکز میں انڈیا الائنس کا اقتدار یقینی : راہول گاندھی

   

انتخابی مہم کے دوران عوام کے سامنے حقیقی مسائل پیش کرنے کا دعویٰ
حیدرآباد 31 مئی (سیاست نیوز) کانگریس قائد راہول گاندھی نے مرکز میں انڈیا الائنس کے برسر اقتدار آنے کا مکمل اعتماد ظاہر کیا۔ لوک سبھا چناؤ کے آخری مرحلہ کی مہم کے اختتام کے بعد عوام اور پارٹی کارکنوں کیلئے ویڈیو پیام جاری کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہاکہ ہم نے کامیابی کے ساتھ عوام کے حقیقی مسائل پر انتخابی مہم چلائی ہے، حالانکہ وزیراعظم نریندر مودی نے بارہا عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔ ہم نے کسانوں، ورکرس، نوجوانوں، خواتین اور کمزور طبقات کی آواز کو اُٹھایا ہے۔ راہول گاندھی نے کہاکہ میں ہندوستان جیسے عظیم ملک کے عوام کو سلام کرتا ہوں۔ اُنھوں نے کانگریس کارکنوں سے کہاکہ مرکز میں انڈیا الائنس حکومت برسر اقتدار آئے گی۔ راہول گاندھی نے کہاکہ دانشوروں کی جانب سے میرے اور وزیراعظم کے درمیان مباحثے کی تجویز پیش کی گئی لیکن وزیراعظم نے اِسے قبول نہیں کیا۔ اب جبکہ وزیراعظم مون ورت پر جاچکے ہیں لہذا مباحثہ ممکن نہیں ہے۔ راہول گاندھی نے اپوزیشن اتحاد کے قائدین اور کارکنوں سے اظہار تشکر کیا جنھوں نے دستور اور دستوری اداروں کو بچانے کی جدوجہد میں تعاون کیا ہے۔ راہول گاندھی نے تیقن دیا کہ ملک کو پیش کردہ متبادل ویژن کے تحت ہر شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والوں کی زندگی میں تبدیلی لائی جائے گی۔ انھوں نے کانگریس کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ رائے دہی کے آغاز سے اختتام تک پولنگ بوتھس کی کڑی نگرانی کریں۔ 1