مرکز میں متبادل محاذ کے قیام پر قومی و علاقائی جماعتوں سے عنقریب مشاورت: کے سی آر

,

   

بی جے پی حکومت کی کارکردگی غیر اطمینان بخش، مخالف کانگریس و بی جے پی محاذ کی قیاس آرائیاں قبل از وقت، رانچی میں چیف منسٹر ہیمنت سورین سے ملاقات
حیدرآباد۔4۔ مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے واضح کیا کہ مرکز میں متبادل محاذ کے قیام کیلئے عنقریب قومی اور علاقائی جماعتوں کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے ایجنڈہ کو قطعیت دی جائے گی ۔ رانچی میں جھارکھنڈ چیف منسٹر ہیمنت سورین سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ تیسرا متبادل مخالف بی جے پی ، مخالف کانگریس ، تھرڈ فرنٹ یا فورتھ فرنٹ ہوگا، اس بارے میں مختلف قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ابھی تک کوئی فرنٹ بنا نہیں ہے۔ ملک کی تمام جماعتوں اور قائدین سے مشاورت کے بعد آگے چل کر پتہ چلے گا کہ متبادل محاذ کیا اور کیسے ہوگا۔ کے سی آر نے میڈیا کے نمائندوں کو مشورہ دیا کہ وہ جلد بازی میں کوئی نتیجہ اخذ کرنے سے گریز کریں۔ انہوں نے ریمارک کیا کہ جس طرح پنڈت کے بغیر شادی نہیں ہوتی اسی طرح میڈیا کے تعاون کے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے ہیں۔ کے سی آر نے کہا کہ آزادی کے 75 سال گزرنے کے باوجود ملک کی ترقی اس طرح نہیں ہوئی جس طرح ہونی چاہئے ۔ کئی شعبوں میں ہم دنیا سے پیچھے ہیں۔ پڑوسی ملک چین ترقی کرچکا ہے۔ مرکز میں برسر اقتدار حکومت ٹھیک ڈھنگ سے کام نہیں کر رہی ہے۔ عنقریب ہم کسی مقام پر تمام قائدین کے ساتھ ملاقات کریں گے اور ملک کو نئی راہ دکھانے کیلئے ایجنڈہ طئے کیا جائے گا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ہندوستان کو ترقی اور صحیح راہ پر گامزن کرنے کی کوششوں کا ابھی تو آغاز ہوا ہے اور مذاکرات جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کل دہلی میں راکیش ٹکیت سے مذاکرات ہوئے۔ ہر شعبہ کے ماہرین سے بات چیت کی جائے گی ۔ ملک کا متبادل کیا ہوگا اس بارے میں آگے چل کر عوام کو پتہ چلے گا۔ موجودہ سرگرمیوں کو مخالف بی جے پی ، مخالف کانگریس یا تھرڈ فرنٹ کا نام دینا قبل از وقت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے لئے کچھ نیا کرنے کی ضرورت ہے۔ کیا کرنا ہے اور کس طرح کیا جائے گا اس بارے میں کسی کو جلد بازی کی ضرورت نہیں۔ ہندوستان مزید اچھی طرح ترقی کرے ، اس کیلئے کوشش اور مشاورت جاری ہے۔ تمام سے مشاورت کے بعد فرنٹ ہوگا یا کچھ اور ہم واضح کریں گے ۔ چیف منسٹر نے جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے رہنما شیبو سورین سے ملاقات کا ذکر کیا اور کہا کہ 2001 ء میں جب تلنگانہ تحریک کا آغاز ہوا تھا ، اس وقت پہلے مہمان شیبو سورین تھے۔ انہوں نے تلنگانہ کی جدوجہد میں مکمل تعاون کیا۔ کے سی آر نے کہا کہ شیبو سورین کا آج درشن ہوا اور ہم نے آشیرواد حاصل کیا۔ تلنگانہ کی ترقی سے شیبو سورین بھی کافی خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری شیبو سورین اور ہیمنت سورین سے بات چیت ثمر آور رہی۔ ر