ممتابنرجی کا اعلان ۔مودی نے پانچ سال میں جھوٹ بولنے کے سوا کچھ نہیں کیا
علی پور دوار / جلپائیگوڑی 6 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کو جھوٹا قرار دیا اور کہا کہ وہ گذشتہ پانچ سال میں صرف جھوٹ بولتے رہے اور ایک بھی وعدہ کو انہوں نے پورا نہیں کیا جو 2014 میں کئے گئے تھے ۔ ممتا بنرجی نے مودی کے 56 انچ کے سینے کی باتوں کو بھی مضحکہ خیز قرار دیا اور کہا کہ راون کا سینہ بھی چوڑا تھا لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ملک میں راون راج کی حمایت کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے بنگال میں پولیس عہدیداروں کے تبادلہ پر الیکشن کمیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کمیشن کو چیلنج کیا کہ وہ پہلے انہیں ہٹا کرد کھائے ۔ مودی پر تنقیدوں میں شدت پیدا کرتے ہوئے ممتابنرجی نے کہا کہ جو شخص خود اپنی شریک حیات کی دیکھ بھال نہیں کرسکتا وہ ملک کے ہر شہری کا خیال کس طرح کرپائیگا ۔ انہوں نے بی جے پی پر ملک کے قانونی شہریوں کو این آر سی اور سٹیزنس ترمیمی بل کے ذریعہ بیرونی شہری بنادینے کا الزام بھی عائد کیا ۔ مخالف بی جے پی طاقتوں میں اہمیت کے ساتھ ابھرنے والی ممتابنرجی نے ایک ریلی سے خطاب میں کہا کہ ترنمول کانگریس مرکز میں نئی حکومت کی قیادت کریگی اور بنگال ملک بھر کو راستہ دکھائیگا ۔ بنگال لوک سبھا نشستوں کے اعتبار سے تیسری بڑی ریاست ہے جہاں 42 لوک سبھا نشستیں ہیں۔ یو پی سب سے بڑی اور مہاراشٹرا دوسری بڑی ریاست ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ریاست میں مرکزی دستوں کی تعیناتی کا خیر مقدم کرتی ہیں۔