رانچی /نئی دہلی : کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی کی قیادت میں چل رہی ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ نے منگل کے روز اپنا چوبیسواں دن مکمل کرلیا۔ آج یاترا کی شروعات کھونٹی میں برسا منڈا کے مجسمہ پر مالاپوشی کے ساتھ ہوئی۔ اس دوران راہول نے برسا منڈا جی کے کنبہ کی چوتھی نسل کے لوگوں سے ملاقات بھی کی۔ لوگوں کی زبردست حمایت کے درمیان یاترا جھارکھنڈ کے کھونٹی، گملا، سمڈیگا سے گزرتے ہوئے بوقت شام اڈیشہ میں داخل ہو گئی۔راہول نے آج کی یاترا کے دوران گملا میں پریس کانفرنس بھی کیا۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ آج ملک کے سامنے سب سے بڑا مسئلہ ناانصافی کا ہے۔ نوجوان بے روزگار ہیں، پبلک یونٹس بند ہو رہی ہیں، مہنگائی بڑھ رہی ہے، ذات پر مبنی مردم شماری نہیں ہو رہی، ریزرویشن میں 50 فیصد کی حد لگی ہوئی ہے۔
