مرکز میں کانگریس کی حکومت بننے پر انسداد انحراف قانون میں تبدیلی ہوگی: دگ وجے سنگھ

   

نئی دہلی:سینئر کانگریسی رہنما اور راجیہ سبھا رکن دگ وجے سنگھ نے کل کہا کہ مرکز میں کانگریس کی حکومت بننے پر انحراف انسداد قانون میں تبدیلی کی جائے گی۔ دگ وجے سنگھ نے ضلع کے ہٹا تحصیل ہیڈ کواٹر میں پریس کانفرنس میں یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ سال 2018کے انتخاب میں عوام کے ذریعے ہمیں منتخب کیا گیا، لیکن بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ہمارے ایم ایل ایز کو خریدا اور حکومت گرا دی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پندرہ ماہ کی حکومت نے کسانوں کے مفاد میں کام کیا۔ بجلی کا بل، قرض کی معافی جیسے کئی کام کر کے انہوں نے منشور پر عمل کیا، جب کہ بی جے پی منشور کو بھلادیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں کانگریس کی حکومت بنتے ہی انسداد انحراف قانون کو سخت بنایا جائے گا اور دل بدل کرنے والوں پر الیکشن لڑنے پرروک لگائی جائے گی۔