چندرشیکھر راؤ پر غیراخلاقی اقدار پر مبنی سیاست کرنے کا الزام : ریونت ریڈی
حیدرآباد ۔ 17 مارچ (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی مبینہ زیادتیوں کے خلاف سی پی آئی کا بھرپور تعاون حاصل کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر جدوجہد کی جائے گی۔ کارگذار صدر تلنگانہ ریاستی کانگریس کمیٹی مسٹر ریونت ریڈی نے آج اس بات کا اظہار کیا اور بتایا کہ ریاست میں آئندہ ماہ منعقد ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی کو شکست دینے کیلئے سی پی آئی کا تعاون ضروری ہے۔ آج ریاستی سکریٹری سی پی آئی مسٹر سی وینکٹ ریڈی سے مخدوم بھون پہنچ کر ملاقات کرنے کے بعد مسٹر ریونت ریڈی نے بتایا کہ لوک سبھا انتخابات میں بھی بھرپور تعاون کرنے کی سکریٹری ریاستی سی پی آئی مسٹر وینکٹ ریڈی سے خواہش کی گئی۔ انہوں نے تلنگانہ راشٹرا سمیتی اور بی جے پی بالخصوص وزیراعظم نریندر مودی کو ہدف ملامت بناتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ اور ملک میں دونوں کے ظلم و زیادتیاں نقطہ عروج پر پہنچ چکی ہیں۔ مسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ ایکطرف مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کا یہ کہنا ہیکہ مرکز سے ریاست تلنگانہ کو ایک روپئے کی بھی مدد حاصل نہیں ہوئی ہے لیکن یہی مسٹر چندرشیکھر راؤ نے کرنسی نوٹوں کی تبدیلی، جی ایس ٹی کے نفاذ، صدرجمہوریہ اور نائب صدرجمہوریہ ہند کے انتخابات کیلئے بی جے پی و نریندر مودی کی بھرپور تائید کی تھی۔ کارگذار صدر تلنگانہ ریاستی کانگریس کمیٹی نے صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی و چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ سے دریافت کیا کہ مرکز سے ریاست کو کوئی مالی امداد ہی فراہم نہیں ہوئی تھی تو آخر کس بنیاد پر مذکورہ امور میں بی جے پی و نریندر مودی کی تائید کیوں کی گئی؟ انہوں نے مزید کہا کہ مرکز میں نریندر مودی اور ریاست میں آمرانہ حکومت کرنے والے مسٹر چندرشیکھر راؤ کو انتخابات میں روک لگانے کی سخت ضرورت ہے۔ انہوں نے مسٹر چندرشیکھر راؤ کو سخت الفاظ میں ہدف ملامت بناتے ہوئے کہا کہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ ریاست میں غیراخلاقی اقدار پر مبنی سیاست کررہے ہیں
اور ریاست میں کانگریس پارٹی کو کمزور کردینے کیلئے کانگریس پارٹی کے ارکان اسمبلی کو مختلف ترغیبات کا پیشکش کرکے کانگریس پارٹی سے انحراف کرنے اور تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں شامل ہونے کی ترغیب دیتے ہوئے انحراف کرنے والے کانگریس پارٹی ارکان اسمبلی کی بھرپور ہمت افزائی کررہے ہیں۔ مسٹر ریونت ریڈی نے مرکز میں نریندر مودی کو اقتدار پر آنے سے روکنے کیلئے ملک اور بالخصوص ریاست تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کے امیدواروں کو لوک سبھا انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی ریاست کے عوام سے پرزور اپیل کی۔ علاوہ ازیں بالخصوص حلقہ لوک سبھا ملکاجگری میں سی پی آئی کے کافی اثر پائے جانے کا اظہار کرتے ہوئے مسٹر ریونت ریڈی نے کہاکہ اگر حلقہ لوک سبھا ملکاجگری میں واقعی سی پی آئی کا بھرپور تعاون حاصل رہنے پر وہ بہرصورت حلقہ لوک سبھا ملکاجگری سے شاندار کامیابی حاصل کریں گے۔ اسی دوران سکریٹری ریاستی سی پی آئی تلنگانہ کمیٹی مسٹر سی ایچ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ حلقہ لوک سبھا ملکاجگری میں مسٹر ریونت ریڈی کو سی پی آئی قائدین کا بھرپور تعاون فراہم ہوگا۔
