مرکز پر پارلیمنٹ میں گمراہ کن رپورٹس پیش کرنے کا الزام :ممتا بنرجی

   

کولکتہ 5 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے آج بی جے پی زیر قیادت مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ ایک سیاسی ایجنڈہ پر کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ اس نے پارلیمنٹ میںگمراہ کن رپورٹس فراہم کی ہیں ۔ یہ رپورٹس دو اضلاع میں نوجوانوں کی بھرتیوں اور انہیں انقلابی خیالات کا حامی بنانے کے واقعات سے متعلق ہے ۔ا نہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے روانہ کردہ رپورٹ کو پیش کرنے کی بجائے مرکزی حکومت نے اپنے طور پر ایک رپورٹ تیار کرکے پارلیمنٹ میں پیش کی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ جب اس رپورٹ کے تعلق سے مرکز سے پارلیمنٹ میں کچھ مخصوص سوالات کئے تو اس نے ریاستی حکومت سے ان پر وضاحت طلب کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 28 جون کو ہم سے پوچھا گیا کہ آیا سرحدی اضلاع کے مدرسوں کے طلبا کو باغیانہ خیالات کا حامل بنایا جا رہا ہے ؟ ۔ ہم نے اپنے جواب میں واضح کردیا کہ ایسا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ تاہم مرکز نے پارلیمنٹ میں ہماری رپورٹ پیش نہیں کی بلکہ خود اپنا جواب تیار کرکے پیش کردیا ۔