مرکز کا بلک ڈرگ پارک مختص کرنے میں تلنگانہ سے امتیازی سلوک کیا : کے ٹی آر

   


حیدرآباد فارماسٹی کا بین الاقوامی تقاضوں پر قیام ، ماحولیاتی منظوریاں اور تمام سہولتیں موجود
حیدرآباد ۔ 2 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی آر نے تلنگانہ کو بلک ڈرگ پارک مختص نہ کرنے کی مذمت کرتے ہوئے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرنے کا مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ مودی حکومت تلنگانہ کے ساتھ امتیازی سلوک کرتے ہوئے ملک کے مفادات کو خطرے میں ڈال رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی معیار کے مطابق فارماسٹی قائم کی جارہی ہے ۔ حیدرآباد ماحولیاتی معیار بلک ڈرگ پارک کے قیام کے لیے معاون و مددگار ہے ۔ ماسٹر پلاننگ رکھنے والے فارما سٹی کو مرکزی حکومت نے نظر انداز کردیا ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ نئے بلک ڈرگ پارک کے قیام میں کم از کم تین سال درکار ہوں گے تاہم مکمل طور پر تیار رہنے والے حیدرآباد فارما سٹی کو نظر انداز کردینے پر ناراضگی کا اظہار کیا ۔ وزیر آئی ٹی و صنعت نے کہا کہ فارما سیکٹر کو خود کفیل بنانے کے مقصد کے تئیں یہ مرکزی حکومت کی سنجیدگی کا ثبوت ہے ۔ تمام سہولتوں اور منظوریوں کے ساتھ حیدرآباد فارماسٹی کو تیار رکھا گیا ہے جس کو مرکزی حکومت نے نظر انداز کرتے ہوئے تلنگانہ کے ساتھ امتیازی سلوک کا مظاہرہ کیا ہے ۔ کے ٹی آر نے مرکزی حکومت کو اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرتے ہوئے ریاست تلنگانہ کو فوری طور پر بلک ڈرگ پارک مختص کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔۔ ن