مرکز کا فیصلہ، اپریل میں تین ماہ کا راشن چاول تقسیم ہوگا

   

شدید گرمی کے پیش نظر اپریل، مئی اور جون کا کوٹہ ایک ساتھ دینے کا اعلان

حیدرآباد۔ 4 مارچ (سیاست نیوز) مرکزی حکومت نے راشن کارڈ سے فائدہ اٹھانے والے مستحقین کے لئے ایک اہم فیصلہ کیا ہے۔ آنے والے شدید موسم گرما کے پیش نظر مرکز نے اپریل، مئی اور جون کے تین ماہ کا راشن چاول ایک ساتھ اپریل میں ہی تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مرکزی محکمہ سیول سپلائز نے اس سلسلے میں ریاستوں کو مکتوب لکھ کر ہدایت دی ہے کہ تین ماہ کا کوٹہ ایک ہی مرحلے میں مستحقین تک پہنچایا جائے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مارچ کے پہلے ہفتے سے ہی گرمی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے اور آنے والے دنوں میں درجہ حرارت مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ اسی تناظر میں مرکزی حکومت نے عوام کو گرمی کے موسم میں راشن حاصل کرنے میں پیش آنے والی مشکلات کو کم کرنے کے لئے یہ فیصلہ کیا ہے۔ ریاست تلنگانہ میں راشن کارڈ رکھنے والے مستحقین کو ہر ماہ 6 کلو باریک چاول فراہم کیا جا رہا ہے۔ کانگریس حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد ریاست میں فوڈ سیکوریٹی کارڈس کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور اب تقریباً ایک کروڑ راشن کارڈس موجود ہیں۔ مرکز کی جانب سے تین ماہ کا کوٹہ ایک ساتھ فراہم کرنے کی ہدایت دینے کے بعد ریاستی حکومت چاول کی دستیابی اور اس فیصلے کے عملی امکانات کا جائزہ لے رہی ہے تاہم اس فیصلے کے ساتھ بعض مسائل بھی سامنے آنے کا امکان ہے۔ گزشتہ سال موسم برسات کے دوران بھی تین ماہ کا راشن ایک ساتھ تقسیم کیاگیا تھا جس سے فائدہ اٹھانے والوں اور راشن ڈیلرس دونوں کو مشکلات پیش آئی تھیں۔ اگرچہ کے تین ماہ کا کوٹہ ایک ساتھ تقسیم کرنے سے ٹرانسپورٹ کے اخراجات کم ہونے اور ڈیلرس و پورٹرز کی آمدنی میں اضافہ ہونے کا امکان ہے لیکن ذخیرہ کرنے کی محدود گنجائش ڈیلرس کے لئے ایک بڑا مسئلہ بن سکتا ہے۔ مزید یہ کہ مستحقین کو تین ماہ کے کوٹہ کے لئے تین مرتبہ بائیومیٹرک تصدیق یعنی انگوٹھے کے نشان دینا ہوگا۔ سسٹم کی رفتار اور سروس کے مسائل کے باعث ہر کارڈ پر تقریباً 15 سے 20 منٹ لگنے کا امکان ہے۔ ایسے میں حکام کو ان عملی مسائل کے حل کے لئے مناسب اقدامات کرنے ہوں گے تاکہ مستحقین کو کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ 2