نئی دہلی8جولائی (سیاست ڈاٹ کام )ترنمول کانگریس کے اراکین نے آج راجستھان میں پبلک سیکٹر کی کمپنی (پی ایس یو )میں سرمایہ کشی کا معاملہ اٹھانے کی کوشش کی اور اس کی اجازت نہ ملنے پر ایوان سے واک آؤٹ کیا۔ایوان میں ترنمول کانگریس کے لیڈر ڈیرک اوبرائن نے وقفہ صفر کے دوران پی ایس یو میں سرمایہ کشی کا معاملہ اٹھانے کی کوشش کی اور چیئرمین ایم وینکئیا نائیڈو سے اس پر بحث کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔لیکن چیئرمین نے اس معاملے میں بولنے کی اجازت نہیں دی۔اس کے بعد مسٹراو برائن زور زور سے بولنے لگے ۔ترنمول کانگریس کے دیگر رکن بھی ان کی حمایت میں نعرے لگانے لگے اور چیئرمین کی کرسی کی طرف بڑھنے لگے ۔اس دوران چیئرمین نے وقفہ صفر ختم ہونے اور وقفہ سوال شروع کرنے کا اعلان کیا۔اس کے بعد شورو غل کے درمیان ترنمول کانگریس کے سوکھیندو شیکھر رائے نے ایوان میں نظام کا سوال اٹھانے کی کوشش کی لیکن چیئرمین نے کہا کہ ایوان میں بدنظامی کے درمیان نظام کا سوال نہیں اٹھایا جاسکتا۔چیئرمین کے اس نظام کے تئیں ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے ترنمول کے رکن ایوان سے باہر چلے گئے ۔وقفہ سوال کے آخر میں چیئرمین نے کہا کہ ایوان میں نظام کو برقرار رکھنا سب کی ذمہ داری ہے ۔بدنظامی کے درمیان نظام کا سوال نہیں اٹھایا جاسکتا۔اگر کسی رکن کو کوئی معاملہ اٹھانا ہے تو چیئرمین کے دفتر میں آکر بات کرنی چاہئے ۔