مرکز کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف بیدر میں ریالی

   

Ferty9 Clinic

بیدر۔8؍جنوری(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)آج چہارشنبہ 8؍جنوری کو بید رمیں بھارت بند کاکوئی اثر دیکھنے کو نہیں ملا۔اسکول، کالج ، کاروباری ادارے ،دوکان اور بازار پوری طرح کھلے ہوئے تھے۔ آٹو رکشااور آرٹی سی بسیں بھی چلتی ہوئی نظر آئیں۔ مزدورتنظیموں نے نئے شہر کے مختلف مقامات سے دوتین ریلیاں نکالیں اور امبیڈکرسرکل پر جمع ہوکر مرکزی ریلی کی شکل میںوہاں سے مہاویر چوک، بسویشور چوک، تحصیل آفس سے ہوتے ہوئے ڈپٹی کمشنر دفتر پہنچے لیکن انہیں باب الداخلہ کے باہر ہی پولیس نے روک دیا، انھیں اندر جانے نہیں دیا۔ جہاں رعیت متو کارمیکرا جوائنٹ سمیتی (کرناٹک) ضلع بیدر کی جانب سے صدر جمہوریہ ہند کے نام ایک یادداشت ڈپٹی کمشنر بیدر کے توسط سے روانہ کی گئی جس کو شری کانت سوامی سینئر کارگذار صدر سیکولر سٹی زنس فورم نے پڑھ کرسنایا۔ بابوراؤ ہوننا ایڈوکیٹ، سیدذوالفقارہاشمی سابق ایم ایل اے ، مبشرسندھے انجینئر ، علی احمد خان، محمداسدالدین ، آرپی راجا، سید منصوراحمد قادری ، سرفراز ہاشمی ،عامر پاشاہ ، وسیم کرمانی ، آرپی راجاکامریڈ،سید زبیر حسینی اور حامد محی الدین قادری وغیرہ کی موجودگی میں مذکورہ یادداشت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ردریش گاڑی کے حوالے کی گئی۔ یادداشت میں مطالبہ کیاگیاہے کہ (۱) NRC,NPRاور CAAواپس لیاجائے۔(۲)جے این یو اور جامعہ کے علاوہ علی گڈھ یونیورسٹی میں سنگھ پریوار کی غنڈہ گردی پر فوری روک لگائی جائے (۳)بیرونی کمپنیاں ، ایل آئی سی ، بینک ، برقی ، صحت اور ریلوے کی حفاظت کی جائے۔ انھیں خانگی ہاتھوں میں نہ دیاجائے۔ چلرکاروبار اور دفاعی میدان میں 100 فیصد راست غیرملکی ہاتھوں میں دینے کا سامراجی حکمنامہ واپس لیاجائے۔(۵)آنگن واڑی کارکنوں اور معاونین، بی سی اوٹا مزدور، آشاکارکنان کو ماہانہ 21ہزار روپئے تنخواہ اور 10ہزار روپئے وظیفہ دیاجائے۔اسی طرح غیر منظم مزدور، تعمیراتی مزدور، گتہ کی بنیاد پر کام کرنے والے مزدور اور کسانوں کو 21ہزار اور10ہزار رقم دی جائے۔ (۶)غیرمنظم میدان کے مزدوروں کو 10ہزار روپئے وظیفہ، مکان کی تعمیر کے لئے 5لاکھ روپئے رقم، اور حادثہ پر بھی 5لاکھ کی رقم جاری کی جائے۔(۷)سرکاری دواخانوں کو خانگیانے پرروک لگائی جائے (۸) لینڈایکویزیشن 2013قانون میں کسی بھی قسم کی تبدیلی نہ کی جائے۔ (۹)مزدورقوانین میں تبدیلی کو روکاجائے اور عرضی دینے کے 45دن کے اندرون مزدورسنگھ کا نام رجسٹرڈ کرلیاجائے۔ (۱۰) تور فی کنٹل 7500روپئے حکومت خریدے۔ (۱۱)سوامی ناتھن آیوگ کی سفارش جاری کی جائے۔ (۱۲)دستور ہند کو آگ لگانے والے شخص یاتنظیموں کو ملک کے غدار اور قوم کے غدار بتاتے ہوئے قومی حفاظتی قاعدے کے تحت گرفتار کرلیاجائے۔(۱۳)کسانوں کو قرض قومیائے بینک اور سیلف ہلپ تنظیمون کی جانب سے جاری کئے جائیں۔ (۴ٍ۱) 60سال کی عمر کے کسانوں ، مزدوروں کو فی ماہ 10ہزار روپئے اعزازی وظیفہ جاری کیاجائے۔ آنگن واڑی ورکرس، معاونین ، بی سی اوٹا مزدور ، آشاکارکنان ہزاروں کی تعداد میں موجودتھے۔ لیکن کسان تنظیم کا کوئی نمائندہ ہمیں نظر نہیں آیا۔پولیس کامعقول بندوبست دیکھنے کوملا جس میں خواتین پولیس کی قابل لحاظ تعداد تھی۔ جس کی رہنمائی کے لئے ڈی وائی ایس پی بسویشور ہیرا خود بنفس نفیس ڈپٹی کمشنر دفتر کے باب الداخلہ پر موجودتھے۔ اس موقع پر کرناٹک اسٹیٹ آنگن واڑی ورکرس اینڈ ہیلپرس فیڈریشن (AITUC)کی صدر لکشمی دنڈے نے بھی خطاب کیااور ایک میمورنڈم علیحدہ سے ڈائرکٹر محکمہ خواتین اور بہبودی ٔ اطفال بنگلور کو دیاگیا۔ جس میں کئی ایک مطالبات ہیں ۔ کہاگیاہے کہ آنگن واڑی ورکرس اور معاونین کو ان کی خدمات کے پیش نظر ریاست گوا کی طرح تنخواہ اور مالی امداد دی جائے۔ ایل کے جی اور یوکے جی اسکول کو آنگن واڑی احاطہ میں ہی شروع کیاجائے۔ اور انھیں بی ایل او کی ذمہ داری سے دستبردار کیاجائے۔آنگن واڑی مرکز کی الیکٹرسٹی بل محکمہ کی جانب سے دیاجائے۔