16 نومبر کو حیدرآباد میں ریالی، گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی کا اجلاس ، آر سی کنتیا کا خطاب
حیدرآباد ۔ 6 ۔ نومبر (سیاست نیوز) جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ آر سی کنتیا نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کے خلاف 8 نومبر کو تمام ضلع کلکٹریٹس کے روبرو دھرنا منطم کیا جائے گا۔ 16 نومبر کو حیدرآباد میں ریاستی سطح کا پر وگرام منظم کرتے ہوئے ریالی منظم کی جائے گی ۔ ڈسمبر کے پہلے ہفتہ میں دہلی میں قومی سطح کا احتجاج پروگرام رہے گا۔ آر سی کنتیا نے آج گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی کے اجلاس میں احتجاجی لائحہ عمل پر بات چیت کی ۔ اجلاس میں کرناٹک کے سابق وزیر ایچ کے پاٹل ، سکریٹری اے آئی سی سی بوس راج ، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا ، سابق سی ایل پی لیڈر کے جانا ریڈی ، احے آئی سی سی ترجمان ڈی شراون ، سابق وزیر ایم ششی دھر ریڈی ، سابق رکن اسمبلی ایم کودنڈا ریڈی اور گریٹر حیدر آباد کانگریس کمیٹی کے انجن کمار یادو اور دوسروں نے شرکت کی ۔ یوتھ کانگریس اور این ایس یو آئی کے قائدین بھی اجلاس میں شریک تھے۔ اس موقع پر آر سی کنتیا نے کہا کہ مرکز میں نریندر مودی اور تلنگانہ کے سی آر ، عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ دونوں بظاہر ایک دوسرے کے مخالف دیکھائی دیتے ہیں لیکن پالیسیوں میں یکسانیت پائی جاتی ہے ۔ کے سی آر سکریٹریٹ منہدم کرنا چاہتے ہیں جبکہ نریندر مودی پارلیمنٹ کی نئی عمارت تعمیر کرنے کے حق میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال پر مرکزی وزراء غیر ذمہ دارانہ بیانات دے رہے ہیں۔ مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے ملک کی معا شی صورتحال کو ریتک روشن کی فلم کے کلکشن سے تعبیر کیا ہے ۔ آر ٹی سی ہڑتال کا حوالہ دیتے ہوئے کنتیا نے کہا کہ حکومت کو ہائی کورٹ کے احکامات کی کوئی پروگرام نہیں ہے ۔ دن بہ دن آر ٹی سی ملازمین کی اموات میں اضافہ ہورہا ہے لیکن کے سی آر اپنے موقف پر اٹل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں رعیتو بندھو اسکیم کے تحت کسانوں کو آج تک امدادی رقم جاری نہیں کی گئی ۔ انہوں نے تحصیلدار وجیہ ریڈی کے قتل کی مذمت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایمانداری سے خدمات انجام دینے والے اور اداروںکو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے ریما رک کیا کہ نریندر مودی اور کے سی آر آپس میں بڑے اور چھوٹے بھائی کی طرح ہیں۔ دونوں کی پالیسیاں عام آدمی کے خلاف ہیں۔ کنتیا نے پارٹی قائدین سے اپیل کی کہ وہ احتجاجی پروگراموں کو کامیاب بنانے میں اہم رول ادا کریں۔ پارٹی کے قائدین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اے آئی سی سی کے پروگرام کو کامیاب بنانے کا عہد کیا ۔