مرکز کی نئی برقی پالیسی کے خلاف سی پی آئی کا احتجاجی دھرنا

,

   

حیدرآباد۔ 3 جون (سیاست نیوز) مرکز کی نئی برقی پالیسی کے خلاف سی پی آئی کی جانب سے آج احتجاج منظم کیا گیا۔ پارٹی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا، ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی، سی پی آئی حیدرآباد ڈسٹرکٹ کے سکریٹری ای ٹی نرسمہا اور دیگر قائدین نے آئیکر بھون بشیر باغ کے روبرو احتجاجی مظاہرہ منظم کرتے ہوئے مرکزی قانون کی مخالفت کی۔ مظاہرین نے سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے نئے قانون کے خلاف نعرے بازی کی اور کہا کہ مرکزی حکومت کا یہ فیصلہ عوام اور کسانوں کے مفادات کے خلاف ہے۔ ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ نئے قانون کے خلاف ملک کی مختلف ریاستوں میں مخالفت کی ہے۔ نارائنا نے کہا کہ مودی حکومت عوام کو سہولتوں کے بجائے مزید بوجھ کا شکار کررہی ہے۔ تلنگانہ حکومت نے بھی نئے برقی قانون کی مخالفت کی کیوں کہ نئے قانون سے نہ صرف ریاستوں پر بوجھ میں اضافہ ہوگا بلکہ غریبوں اور کسانوں کو دی جانے والی رعایتیں ختم کرنے پر مجبور ہونا پڑے گا۔ سی پی آئی قائدین نے مرکز سے مذکورہ قانون فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کمیونسٹ جماعتیں مخالف عوام قانون کے خلاف ملک بھر میں احتجاج منظم کریں گی۔ کمیونسٹ قائدین نے کہا کہ مودی حکومت ریاستوں کے اختیارات سلب کرنے کی کوشش کررہی ہے جو غیر دستوری عمل ہے۔