نئی دہلی۔ 21 اکتوبر (یو این آئی) مرکزی حکومت نے گجرات اور ہریانہ میں دیہی مقامی اداروں کے لیے مالی سال 2025-26 کے تحت پندرھویں مالیاتی کمیشن کے گرانٹ کے طور پر 730 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم جاری کی ہے ۔ پنچایتی راج کی وزارت نے منگل کو جاری ایک بیان میں کہا کہ گجرات میں مالی سال 2024-25 کے تحت ریاست کی تمام 38 ضلع پنچایتوں، 247 اہل بلاک پنچایتوں اور 14,547 اہل گرام پنچایتوں کے لیے 522.20 کروڑ روپے کے غیر مشروط گرانٹ کی دوسری قسط جاری کی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں مالی سال 2024-25 کے لیے غیر مشروط گرانٹ کی پہلی قسط کے بقایاجات 13.5989 کروڑ روپے کی رقم 6 ضلع پنچایتوں، 5 بلاک پنچایتوں اور 78 گرام پنچایتوں کو جاری کی گئی ہے ۔ مرکزی حکومت نے ہریانہ کی 18 ضلع پنچایتوں، 134 اہل بلاک پنچایتوں اور 6,164 گرام پنچایتوں کے لیے مالی سال 2025-26 کے تحت غیر مشروط گرانٹ کی پہلی قسط کے طور پر 195.129 کروڑ روپے جاری کیے ہیں۔ مرکزی حکومت، پنچایتی راج کی وزارت اور وزارتِ جل شکتی کے ذریعہ ریاستوں کو پنچایتی راج اداروں اور دیہی مقامی اداروں کے لیے پندرھویں مالیاتی کمیشن کے تحت گرانٹ جاری کرنے کی سفارش کرتی ہے ، جنہیں بعد میں وزارتِ مالیات جاری کرتی ہے ۔ یہ گرانٹ ایک مالی سال میں دو قسطوں میں جاری کی جاتی ہے ۔ پنچایتی راج ادارے یا دیہی مقامی ادارے ، تنخواہوں اور دیگر انتظامی اخراجات کے علاوہ آئین کی گیارہویں فہرست میں شامل 29 موضوعات کے تحت مقامی ضروریات کے لیے غیر مشروط گرانٹ کا استعمال کریں گے ۔