نئی دہلی 8 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) پردھان منتری آواس یوجنا ( شہری ) کے تحت بہترین کارکردگی دکھانے والی ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کو ایوارڈز دینے کا مرکزی حکومت نے فیصلہ کیا ہے ۔ یہ ایوارڈ اس اسکیم پر عمل آوری کو یقینی بنانے اور اس کو مزید موثر بنانے کے عوض دیا جائیگا ۔ یہ ایوارڈ ایسے وقت میں دیا جا رہا ہے جبکہ پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت 2015 سے 2022 کے درمیان ایک کروڑ مکانات کی تعمیر کے منصوبہ کے تحت اب تک 15 لاکھ مکانات تعمیر کئے گئے ہیں۔ ایک بیان میں مرکزی وزارت ہاوزنگ و شہری امور نے کہا کہ ان ایوارڈز کا مقصد اس اسکیم کو موثر بنانے اور اس پر بہتر عمل آوری کے سلسلہ میں ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں میں جوش و خروش پیدا کرنا ہے ۔ ریاستوں کی جانب سے تعمیر ‘ عوام میں شعور کی بیداری ‘ سلم علاقوں و بستیوں کو بہتر بنانے ‘ پالیسیوں میں بہتری لانے کیلئے بھی یہ ایوارڈز دینے کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ لاکھوں ہندوستانیوں کیلئے گھر کی فراہمی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جاسکے ۔ وزارت کے بموجب کچھ خصوصی زمرہ کے ایوارڈز بھی ان ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کو دئے جائیں گے جو تعمیرات میں نئی اختراعک و یقینی بنائیں گے ۔ کہا گیا ہے کہ مرکزی وزارت نے کہا کہ ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں پر اثر انداز ہونے کیلئے سب سے بڑا عنصر ان کی ماہانہ تعمیراتی پیشرفت کو بنایا جائیگا تاکہ اس اسکیم کو موثدر ڈھنگ سے آگے بڑھایا جاسکے ۔مرکزی وزارت ہاوزنگ و شہری امور کو پردھان منتری آواس یوجنا پر عمل آوری کی ذمہ داری سونپی گئی ہے اور وہ ہندوستان بھر میںاس تعلق سے ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لے رہی ہے۔