نئی دہلی۔ ایر انڈیا نے مرکزی حکومت کی یقین دہانی کے باوجود راتوں رات 50 پائلٹوں کو نکال باہر کیا ہے۔ کورونا بحران میں پیدا صورت حال کے پیش نظر اس کا خدشہ پہلے سے ظاہر کیا جا رہا تھا لیکن مرکزی حکومت نے ایسے کسی اقدام کے نہیں کیے جانے کی یقین دہانی کی تھی۔ اب جب کہ 50 پائلٹوں کو نکال دیا گیا ہے تو انڈین کمرشیل پائلٹس ایسو سی ایشن (آئی سی پی اے) نے جمعہ کے روز اس سلسلے میں انتظامیہ سے مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ آئی سی پی اے نے ائیر انڈیا کے سربراہ اور منیجنگ ڈائریکٹر راجیو بنسل کو ایک خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تقریباً 50 پائلٹوں کو کمپنی کے سروس ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غلط طریقے سے نکال دیا گیا ہے۔آئی سی پی اے نے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ “کیا ہو رہا ہے؟ بغیر مناسب عمل اختیار کیے راتوں رات ہمارے تقریباً 50 پائلٹوں کی خدمات ختم کر دی گئیں۔ اس وبا کے وقت میں قوم کی خدمت کرنے والوں کے لیے یہ ایک صدمے کی بات ہے۔آئی سی پی اے نے یاد دلایا کہ شہری ہوابازی وزارت اور ائیر انڈیا نے یقین دہانی کرائی تھی کہ دیگر ائیر لائنوں کے برعکس ائیر انڈیا اپنے کسی بھی ملازم کو نہیں نکالے گی۔