راہول اور ریونت ریڈی سے ڈرکے نہیں سماجی انصاف کیلئے مردم شماری کا فیصلہ :کشن ریڈی
حیدرآباد : یکم مئی ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے کہا کہ مردم شماری راہول گاندھی یا چیف منسٹر ریونت ریڈی کے ڈر سے نہیں کرائی جارہی ہے بلکہ سماجی انصاف کیلئے کرائی جارہی ہے ۔تلنگانہ میں کی گئی ذات پات کی مردم شماری بے معنی ہے جس کا کوئی وجود نہیں ۔ اس سروے پرعوام کو کئی شک و شبہات ہیں ۔ مرکزی حکومت کی جانب سے کی جانے والی مردم شماری بالکل شفاف اور معیاری ہوگی جس میں شک و شبہات کی کوئی گنجائش نہیں رہتی ۔ آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جی کشن ریڈی نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے مردم شماری کرانے کے فیصلہ کو کانگریس اپنی کامیابی تصور کررہی ہے جو صدی کا سب سے بڑا مذاق ہے ۔ ملک میں کانگریس پارٹی 60سال تک اقتدار میں رہی مگر کبھی مردم شماری کرانے کے بارے میں غور نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کانگریس کی طرح عوام کو دھوکہ نہیں دے گی بلکہ سماج کو فائدہ ہونے والا سروے کرائے گی ۔ کانگریس پارٹی تلنگانہ میں مسلمانوں کو بی سی طبقات میں شامل کرتے ہوئے حقیقی بی سی طبقات سے ناانصافی کررہی ہے ۔ ان کے حقوق کو چھینتے ہوئے مسلما نوں کے حوالے کررہی ہے ۔ کشن ریڈی نے کہا کہ مرکز کی جانب سے کئے جانے والے ذات پات کے سروے میں ہم ہرگز مسلمانوں کو بی سی طبقات میں شامل نہیں کریں گے جس طرح کانگریس پارٹی نے بی سی طبقات کو دھوکہ دیا ہے بی جے پی اس طرح کا دھوکہ دینے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی ۔ آزاد ہندوستان میں آج تک ذات پات کا سروے نہیں کیا گیا ، کئی دہوں تک ملک پر راج کرنے والی کانگریس پارٹی اس کیلئے ذمہ دار ہے ۔ بی سی تحفظات سے متعلق منڈل کمیشن کی رپورٹ کو بھی اُس وقت کانگریس پارٹی نے نظرانداز کردیا تھا ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ سال 2011ء میں بی جے پی کی قائد سشما سوراج نے اُس وقت کی وزیراعظم کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے مردم شماری کرانے کا مطالبہ کیا تھا ۔ کشن ریڈی نے کہا کہ بی جے پی ہمیشہ بی سی طبقات کے ساتھ انصاف چاہتی ہے لیکن تلنگانہ میں کانگریس پارٹی نے بی سی طبقات میں اختلافات پیدا کرنے کا سروے کرایا ہے جس کی بی جے پی سخت مذمت کرتی ہے ۔ 2