سیاہ پرچموں کا مظاہرہ،ڈاکٹر نارائنا ، وینکٹ ریڈی اور عزیز پاشاہ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔18۔ مئی(سیاست نیوز) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا نے ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی امداد کے سلسلہ میں مرکز کے پیکیج کو مایوس کن قرار دیا اور اعلان کیا کہ مرکز کی معاشی پالیسیوں اور مائیگرنٹ لیبرس کے تحفظ میں ناکامی کے خلاف کل 19مئی کو ملک بھر میں احتجاج منظم کیا جائے گا ۔ پارٹی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا، ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی اور سابق رکن راجیہ سبھا سید عزیز پاشاہ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ سی پی آئی کی قیادت میں منگل کے دن ملک بھر میں سیاہ بیاچس اور سیاہ پرچم کے ساتھ احتجاج منظم کیا جائے گا ۔ انہوں نے عوام سے احتجاج کو کامیابی بنانے کی اپیل کی ہے۔ ڈاکٹر نارائنا نے مرکزی حکومت پر کورونا بحران سے نمٹنے میں ناکامی کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے نام پر سرکاری خزانہ کو کارپوریٹ سیکٹرس کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ مرکزی حکومت کا معاشی پیکیج کارپوریٹ گھرانوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے ہے ، اس سے غریبوں اور مائیگرنٹ لیبرس کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے ملک کے دفاعی شعبہ میں 70 فیصد بیرونی سرمایہ کاری کی اجازت کو شرمناک قرار دیا اور کہا کہ یہ فیصلہ ملک کی داخلی سلامتی کے حق میں نہیں ہے ۔ انہوں نے کول مائینس کمپنیوں میں سرمایہ کاری کی اجازت کی مخالفت کی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر فینانس نے پانچ دن تک معاشی پیکیج کی تفصیلات جاری کیں لیکن عام اور غریب آدمی کو کچھ بھی حاصل نہیں ہوا۔ چاڈا وینکٹ ریڈی نے تلنگانہ کے ہر غریب خاندان کو پانچ ہزار روپئے کی امداد کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں ورکرس لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں بیروزگار ہوچکے ہیں۔ عزیز پاشاہ نے کہا کہ خانگی شعبہ کو فائدہ پہنچانے کیلئے پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ غریبوں کو نظر انداز کردیا گیا۔