حیدرآباد ۔27۔ مئی(سیاست نیوز) وزیر فینانس ہریش راؤ نے الزام عائد کیا کہ مرکز کے 20 لاکھ کروڑ معاشی پیاکیج سے غریبوں کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کے معاشی پیاکیج سے ریاستوں کے علاوہ لاک ڈاؤن سے متاثرہ غریبوں کو کوئی راحت نہیں ملی۔ مرکز کا یہ پیاکیج صرف بڑے صنعتی اداروںکیلئے فائدہ مند ہے۔ ہریش راؤ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں روزانہ محنت مزدوری کرنے والے افراد بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ آٹو ورکرس کے علاوہ ٹورازم اور آٹو موبائیل انڈسٹری بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاون سے سماج کا ہر طبقہ متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکا۔ مائیگرنٹ ورکرس آبائی مقامات واپسی کیلئے سڑکوں پر آچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے مائیگرنٹ ورکرس کی واپسی کے انتظامات کئے ہیں ۔ ہریش راؤ نے تجویز پیش کی کہ بینک سے مربوط اسکیمات کے قرض کی اجرائی مشکل ہوچکی ہے۔ لہذا مرکز کو راست طور پر امداد فراہم کرنی چاہئے۔ انہوں نے ریاستی حکومتوںکے ذریعہ اسکیمات پر عمل آوری کا مطالبہ کیا۔ لاک ڈاؤن کے دوران اہل خیر افراد اور سماجی تنظیموں کی جانب سے غریب عوام کی مدد قابل ستائش ہے۔ ہریش راؤ کی جانب سے مستحق صحافیوں میں راشن کٹس کی تقسیم عمل میں آئی۔