تحفظات پر مودی کا دوہرا معیار، 4فیصد تحفظات مذہبی بنیاد پر نہیں
حیدرآباد 27 مئی (سیاست نیوز) کانگریس رکن کونسل جیون ریڈی نے تحفظات کے مسئلہ پر نریندر مودی اور بی جے پی قائدین پر دوہرا معیار اختیار کرنے کا الزام عائد کیا۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جیون ریڈی نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی ملک بھر میں گھوم کر مسلم تحفظات کو ختم کرنے کا اعلان کررہے ہیں جبکہ مرکزی حکومت کی جانب سے معاشی طور پر پسماندہ طبقات کے 10 فیصد تحفظات میں مسلمان بھی شامل ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ جب مرکزی حکومت معاشی پسماندگی کی بنیاد پر دیگر طبقات کے ساتھ مسلمانوں کو تحفظات فراہم کررہی ہے تو پھر تلنگانہ اور آندھراپردیش میں 4 فیصد مسلم تحفظات کی مخالفت کیوں کی جارہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہندو اکثریتی طبقہ کے ووٹ حاصل کرنے کے لئے مسلمان اور مسلم تحفظات کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ جیون ریڈی نے وزیراعظم کو مشورہ دیا کہ وہ حقائق کا پتہ چلانے کے بعد ہی تحفظات پر بیان دیں۔ اُنھوں نے کہاکہ مسلمانوں کو 4 فیصد تحفظات مذہبی اساس پر نہیں بلکہ سماجی اور معاشی پسماندگی کی بنیاد پر فراہم کئے گئے۔ اِس سلسلہ میں باقاعدہ بی سی کمیشن نے سروے کے بعد حکومت کو رپورٹ پیش کی تھی۔ اُنھوں نے کہاکہ نریندر مودی 10 فیصد معاشی پسماندہ تحفظات سے ایس سی، ایس ٹی اور بی سی طبقات کو محروم کرنا چاہتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ معاشی پسماندگی کی بنیاد پر تحفظات میں ایس سی، ایس ٹی اور بی سی طبقات کو شامل کیا جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ ملک میں 52 فیصد تحفظات ہیں جبکہ آبادی کے اعتبار سے ایس سی 15 فیصد، ایس ٹی 10 فیصد اور بی سی طبقات کی آبادی 50 فیصد ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سماجی اور معاشی پسماندگی تحفظات کی بنیاد ہونی چاہئے۔ اُنھوں نے وزیراعظم کو مسلمانوں کے خلاف بیان بازی سے گریز کا مشورہ دیا۔ 1