برلن ؍ پیرس ؍ بیجنگ : جرمن چانسلر انجیلا مرکل چینی صدر ژی جن پنگ اور فرانسیسی صدر امانوئل میکرون بروز جمعہ ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے معاملے پر آن لائن تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔ دریں اثناء جان کیری کی سربراہی میں امریکہ کا کلائمیٹ چینج کے لیے خصوصی وفد شنگھائی میں موجود ہے۔ جان کیری اپنے ہم منصب ژی زین ہوا کے ساتھ 22 اپریل سے شروع ہونے والے کلائمیٹ اجلاس کے سلسلے میں ملاقات کریں گے۔ چین اور امریکہ دنیا کی دو بڑی معیشت ہونے کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں سب سے زیادہ کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج کرنے والے ممالک ہیں، جو کہ ماحولیات کے لیے انتہائی مضر ہے۔ چین میں 60 فیصد توانائی کا حصول کوئلے کے ذریعے ہوتا ہے۔ بیجنگ حکومت 2060 تک مکمل طور پر صاف توانائی کے استعمال کے ہدف کا تعین کرچکی ہے۔
