برلن: جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے کورونا وبا کے بحران کے دوران ایک سبق کے طور پر عالمی ادارہ صحت کی زیادہ سے زیادہ حمایت کا مطالبہ کیا ہے۔ مرکل نے کورونا وائرس کے حوالے سے اقوام متحدہ کے خصوصی مشاورتی اجلاس کے لیے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ وبا کے دوران ڈبلیو ایچ او کی اہمیت مزید واضح ہوگئی۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے بارے میں حقائق کو منتازعہ بنایا گیا اور ڈبلیو ایچ او کی ہدایات کو نظرانداز کیا گیا۔ حال ہی میں امریکی صدر ٹرمپ نے ڈبلیو ایچ او کے لیے مالی معاونت کم کردی تھی اور اس تنظیم سے علیحدگی کا اعلان بھی کیا تھا۔ ٹرمپ نے الزام عائد کیا کہ عالمی ادارہ صحت چین کے بہت قریب ہے۔