مریضوں کو امداد کے نام دھوکہ دینے والے دو نوجوان گرفتار

   

سلمان خان اور سید ایوب پر پی ڈی ایکٹ کا نفاذ ، ملزمین جیل منتقل
حیدرآباد : امداد کے نام پر عوام سے رقومات حاصل کرتے ہوئے دھوکہ دہی کے معاملات میں ملوث 2 افراد کو چندرائن گٹہ پولیس نے پی ڈی ایکٹ کے تحت جیل بھیج دیا ہے ۔ انسپکٹر چندرائن گٹہ پولیس اسٹیشن ردرا بھاسکر نے کہا کہ 29 سالہ سلمان خان جو حیدرآباد یوتھ کریج نامی این جی او کا صدر ہے نے مریضوں کی امداد کے نام پر رقومات حاصل کئے اور بعد ازاں اس امداد کو اپنے اور دیگر ساتھیوں کے بینک کھاتہ میں منتقل کرتے ہوئے ان کا بیجا استعمال کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں پولیس نامپلی ، ہمایوں نگر اور چندرائن گٹہ پولیس نے 3 مقدمات درج کئے ہیں جبکہ پولیس اسٹیشن پنجہ گٹہ اور افضل گنج میں بھی دواخانہ کے انتظامیہ کے ساتھ جھگڑا کرنے پر قانونی کارروائی کی گئی تھی ۔ سلمان خان اور اس کے ساتھی سید ایوب پر پی ڈی ایکٹ نافذ کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا ہے اور جیل بھیج دیا گیا ہے ۔